رسائی کے لنکس

میرے دور اقتدار کی کامیابیوں کو یاد رکھا جائے گا: صدر ٹرمپ


صدر ڈونلڈ ٹرمپ
صدر ڈونلڈ ٹرمپ

صدر ٹرمپ نے جمعرات کے روز جاری ہونے والے اپنے ایک ویڈیو بیان میں اپنے دور اقتدار میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کامیابیوں کو یاد رکھا جائے گا۔

صدر ٹرمپ نے اب تک ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن کے خلاف شکست کو رسمی طور پر قبول نہیں کیا ہے۔ تاہم انہوں نے فلوریڈا میں موجود ان کے ریزارٹ سے وائٹ ہاؤس میں واپسی کے بعد ٹوئٹر پر ایک ویڈیو بیان جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے اپنے دور اقتدار میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کی تعریف کی ہے۔

انہوں نے خاص طور پر کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور معیشت کو مستحکم بنانے کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں انتہائی کم مدت میں کووڈ۔19 کی ویکسین تیار کر لی گئی ہے اور انہوں نے اس بارے میں درست پیش گوئی کر دی تھی۔

پروگرام کے مطابق صدر ٹرمپ کو فلوریڈا میں اپنے مارا لاگو ریزارٹ میں نئے سال کی آمد کی تقریب میں شرکت کرنا تھی۔ تاہم وائٹ ہاؤس نے ان کی قبل از وقت وائٹ ہاؤس میں واپسی کی وجہ نہیں بتائی ہے۔

انہوں نے حال ہی میں دفاع سے متعلق قانونی مسودے کو ویٹو کیا ہے اور کووڈ۔19 کے حوالے سے امریکی ٹیکس دہندگان کو امدادی چیک روانہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تاہم ان کی رپبلکن جماعت کے کلیدی رہنما مچ میکانل نے امداری رقوم کے چیک کو 600 ڈالر سے بڑھا کر 2,000 ڈالر کرنے کی تجویز پر کانگریس میں جلد رائے شماری کرانے سے انکار کر دیا ہے۔ یہ امدای چیک کانگریس کے طرف سے 892 ارب ڈالر کے منظور کردہ کرونا وائرس ریلیف پیکیج کا حصہ ہیں۔

منتخب صدر جو بائیڈن نئے سال کی تعطیلات ڈیلاویئر میں ساحل سمندر کے قریب واقع اپنے گھر میں گذار رہے ہیں۔ تاہم وہ نئے سال سے متعلق این بی سی کے ڈِک کلارک کے خصوصی شو میں شرکت کریں گے۔

XS
SM
MD
LG