رسائی کے لنکس

دورہ ایشیا پر جاتے ہوئے ٹرمپ کا ہوائی میں مختصر قیام


ہوائی پہنچنے پر صدر اور خاتون اول کو روایتی انداز میں خوش آمدید کہا گیا
ہوائی پہنچنے پر صدر اور خاتون اول کو روایتی انداز میں خوش آمدید کہا گیا

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دورہ ایشیا پر جاتے ہوئے ہوائی میں مختصر قیام کیا جہاں انھیں امریکی پیسیفک کمانڈ کی طرف سے حساس بریفنگ دی گئی۔

یہ دورہ ایسے وقت ہو رہا ہے جب جزیرہ نما کوریا میں صورتحال انتہائی تناو کا شکار ہے۔

صدر ٹرمپ پیسیفک کمانڈ کے ہیڈ کوارٹر میں میرین کور کی تنصیب میں بھی گئے اور وہاں بحرالکاہل میں امریکہ کی سب سے بڑی متحدہ لڑاکا کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل ہیری ہیرس سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ ان کی کمانڈ میں موجود لوگوں کو سراہتے ہیں۔

ہیرس نے اس جزیرے پر آمد پر صدر اور خاتون اول ملانیا ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔

صدر کو پرل ہاربر پر یو ایس ایس ایریزونا کے مارے جانے والے اہلکاروں کی یادگار پر پھول چڑھانے سے قبل حساس بریفنگ بھی دی گئی اور اسے خفیہ رکھا گیا۔

صدر اور خاتون اول نے یادگار پر پھول چڑھائے
صدر اور خاتون اول نے یادگار پر پھول چڑھائے

پرل ہاربر پر سات دسمبر 1941ء کو دوسری جنگ عظیم کے دوران جاپانیوں کے حملے میں یہاں امریکی بحری جہاز ڈوب گیا تھا اور درجنوں اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔

اپنے صدارتی طیارے 'ایئرفورس ون' پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے اس "بہت اہم دورے" کے اختتام پر ہوائی میں ایک اور دن گزارنا چاہتے تھے لیکن فلپائن میں ہونے والی مشرقی ایشیائی کانفرنس میں زیادہ وقت گزارنے کے لیے انھوں نے یہ ارادہ ترک کر دیا۔

اپنے اس 13 روزہ دورے میں صدر فلپائن کے علاوہ جاپان، جنوبی کوریا، چین اور ویتنام جائیں گے اور یہ بطور صدر ان کا سب سے طویل غیر ملکی دورہ ہو گا۔

XS
SM
MD
LG