رسائی کے لنکس

ویتنام کے ساتھ دو طرفہ تجارت سود مند ہوگی: ٹرمپ


امریکہ اور ویتنام کے صدور نے ہنوئی میں ملاقات کی
امریکہ اور ویتنام کے صدور نے ہنوئی میں ملاقات کی

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ویتنام کے ساتھ دو طرفہ تجارت کے خواہاں ہیں جو کہ دونوں ملکوں کے لیے سودمند ہو گی۔

اتوار کو ہنوئی میں ویتنام کے صدر ٹران ڈئی کوانگ سے ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں ٹرمپ نے کہا کہ "تجارت کو کامیاب بنانے کے لیے تمام ممالک کو قواعد میں رہ کر کام کرنا ہوگا۔ میرے لیے یہ حوصلہ افزا بات ہے کہ ویتنام حالیہ برسوں میں امریکہ کے لیے تیزی بڑھتی ہوئی برآمدی منڈی بنا ہے۔"

انھوں نے اپنے ویتنامی ہم منصب کو اپنے ہاں اقتصادی اصلاحات، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں پر سراہا۔

امریکی صدر نے مزید بتایا کہ "ہم نے ابھی ویتنام میں امریکی مصنوعات کے بارے میں زبردست تبادلہ خیال کیا۔ میں پراعتماد ہوں کہ امریکی توانائی، زراعت، مالی شعبہ، ہوابازی اور دفاعی مصنوعات آپ کی بہت سی ضروریات کو پورا کرنے کے قابل ہیں۔ نہ صرف قابل بلکہ یہ کسی سے بھی بہتر ہیں۔"

مترجم کی مدد سے بات کرتے ہوئے کوانگ سے ٹرمپ سے اپنی ملاقات کو سودمند قرار دیا اور کہا کہ " صدر کا ویتنام کا یہ دورہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں ایک سنگ میل ہے۔"

دونوں راہنماؤں نے شمالی کوریا اور جنوبی بحیرہ چین سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا۔

ٹرمپ نے شمالی کوریا کے لیے اپنے انتباہ کو دہراتے ہوئے کہا کہ یہ ملک خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔

"جیسا کہ میں نے جمہوریہ کوریا کی قومی اسمبلی سے خطاب میں کہا تھا کہ تمام ذمہ دار ریاستیں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کریں کہ شمالی کوریا کی باغی ریاست کو دنیا کو ناقابل فہم جانی نقصانات کی دھمکیاں دینے سے روکا جائے۔۔۔ہم استحکام چاہتے ہیں نہ کہ افراتفری اور ہم امن چاہتے ہیں نہ کہ جنگ۔"

اس سے قبل اتوار کو ہی ٹرمپ نے شمالی کوریا کے راہنما کم جونگ اُن کی طرف سے ان پر کی گئی تنقید کا جواب بھی دیا۔

کم نے انھیں ایک ایسا بوڑھا کہا تھا جو اپنی ذہنی صلاحیت کھو رہا ہوتا ہے۔

ٹوئٹر پر ٹرمپ نے کہا کہ "کم مجھے بوڑھا کہہ کر کیوں برا بھلا کہیں گے جب کہ میں نے انھیں کبھی چھوٹا اور موٹا نہیں کہا۔ میں نے ان سے دوستی کی بہت کوشش کی اور شاید کسی دن ایسا ہو بھی جائے۔"

پریس کانفرنس میں جب ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا ایسا ممکن ہے کہ دونوں دوست بن جائیں تو صدر کا کہنا تھا کہ "میرا خیال ہے کہ کچھ بھی ممکن ہے۔ زندگی میں بہت سے حیران کن چیزیں ہوتی ہیں۔"

XS
SM
MD
LG