رسائی کے لنکس

امریکہ یورپی ساختہ کاروں پر ٹیکس بڑھا سکتا ہے، ٹرمپ کا اتنباہ


صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متنبہ کیا ہے کہ اگر یورپی یونین نے اسٹیل اور ایلومینیم پر درآمدی ڈیوٹی عائد کرنے کے ان کے فیصلے پر ردعمل کا ارادہ کیا تو امریکہ یورپی کاروں پر ٹیکس نافذ کر دے گا۔

ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ "بہت بے وقوفانہ تجارتی پالیسیوں کی وجہ سے امریکہ کو سالانہ 800 ارب ڈالر تجارتی عدم توازن کا سامنا ہے۔" انھوں نے متنبہ کیا کہ اگر یورپی یونین امریکی مصنوعات پر ٹیکس عائد کرتی ہے تو ہم "ان کی کاروں پر ٹیکس لگا دیں گے۔"

فی الوقت امریکہ کی طرف سے یورپی ساختہ کاروں پر 2.5 فیصد ڈیوٹی عائد ہے اور یورپ نے امریکی ساختہ کاروں پر دس فیصد ڈیوٹی نافذ کر رکھی ہے۔

حال ہی میں ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ وہ آئندہ ہفتے اسٹیل اور ایلومینیم کی درآمد پر بالترتیب 25 اور دس فیصد ڈیوٹی عائد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ٹرمپ کی یہ ٹوئٹ بظاہر اپنے اعلان پر یورپی کمیشن کے صدر جان کلاڈ جنکر کے انتباہ کا ردعمل ہے جس میں جنکر نے کہا تھا کہ ایسی صورت میں یورپی یونین بھی امریکی مصنوعات پر ٹیکس میں اضافہ کر سکتا ہے۔

چین اور کینیڈا کی طرف سے بھی ٹرمپ کے اس اعلان پر شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔ کینیڈا، امریکہ کو اسٹیل اور ایلومینیم درآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے جب کہ چین گیارہواں بڑا ملک ہے۔

چین کے وزارت تجارت کے سربراہ وانگ ہیجنگ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ درآمدی ڈیوٹی میں اضافے سے کثیرالجہتی تجارتی حکمت عملی پر بہت برا اثر پڑے گا۔

ان کے بقول اگر امریکی اقدام سے چینی مفادات کو نقصان پہنچتا ہے تو چین دیگر ممالک کے ساتھ مل کر اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے اقدام کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹس ٹروڈو نے درآمدی ڈیوٹی میں اضافے کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ یہ "قطعی ناقابل قبول" ہے۔

XS
SM
MD
LG