رسائی کے لنکس

تیونس: ڈوبنے والے تمام 82 مہاجرین کی لاشیں برآمد


فائل فوٹو
فائل فوٹو

تیونس کے سمندر میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے واقعے میں ہلاک ہونے والے مہاجرین کی تعداد 82 ہوگئی ہے۔

لیبیا سے یورپ جانے والے مہاجرین کی کشتی گزشتہ ہفتے تیونس کے ساحل پر ڈوب گئی تھی جس کے بعد ریڈ کراس کی جانب سے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تھا۔

واقعے کے بعد تیونس کے ماہی گیروں نے چار افراد کو بچالیا جن کا کہنا تھا کہ اُن سمیت کشتی میں مجموعی طور پر 86 افراد سوار تھے جو لیبیا سے یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے کہ اچانک کشتی لہروں کی زد میں آکر ڈوب گئی۔

ریڈ کراس کے افسر مونگی سلم نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا ہے کہ ایک ہفتے کے سرچ آپریشن کے بعد ڈوبنے والے تمام 82 افراد کی لاشیں تلاش کرلی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ لیبیا کا مغربی ساحل افریقی مہاجرین کی یورپ جانے کے لیے مرکزی راہداری ہے جہاں اکثر کشتیاں ڈوبنے کے واقعات پیش آتے ہیں۔

مئی میں بھی لیبیا سے یورپ جانے والے مہاجرین کی کشتی تیونس کے ساحل کے قریب ڈوب گئی تھی جس پر 65 افراد سوار تھے۔

XS
SM
MD
LG