رسائی کے لنکس

استنبول: مشتبہ حملہ آور نے ’افغانستان میں تربیت حاصل کی‘


استنبول کے گورنر نے کہا ہے کہ ترکی کے نائیٹ کلب پر حملہ کرنے والا ازبکستان کا شہری ہے اور اُس نے افغانستان میں تربیت حاصل کی تھی۔

سال نو کے موقع پر استنبول کے نائیٹ کلب پر حملے میں غیر ملکی شہریوں سمیت 39 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

ترک حکام نے پیر کو مشتبہ حملہ آور عبد القادر مشریپوف کو استنبول ہی سے حراست میں لیا تھا، جہاں وہ ایک گھر میں چھپا ہوا تھا۔

استنبول کے گورنر واصیب شاہین نے کہا کہ نائیٹ کلب پر حملہ شدت پسند تنظیم ’داعش‘ کے نام پر کیا گیا اور حملہ آور کے خلاف اسی بنیاد پر مقدمہ چلایا جائے گا۔

گورنر واصیب نے کہا کہ خیال کیا جاتا ہے کہ حملہ آور جنوری 2016 میں ترکی میں داخل ہوا تھا۔

واصیب شاہین نے کہا کہ پیر کی شب گرفتار کیے گئے حملہ آور نے نائیٹ کلب پر حملہ کرنے کا اعتراف کیا ہے، جب کہ انگلیوں کے نشانات سے بھی یہ تصدیق ہوئی ہے کہ وہ حملے میں ملوث تھا۔

ترکی وزیراعظم بن علی یلدرم نے منگل کو انقرہ میں صحافیوں کو بتایا کہ مشتبہ حملہ آور سے پولیس پوچھ گچھ کر رہی ہے اور اس اُمید کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ تفتیش سے اُن ’’قوتوں‘‘ کی نشاندہی ہو گی جو اس حملے کے پیچھے ہیں۔

XS
SM
MD
LG