رسائی کے لنکس

ترکی: طالبات کے ہاسٹل میں آتشزدگی، 12 ہلاک


ایسی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں کہ عمارت سے ہنگامی حالت میں باہر نکلنے والے زینہ کا دروازہ بند تھا جس کی وجہ سے طالبات اندر ہی پھنس کر رہ گئی تھیں۔

ترکی میں اسکول کے ایک ہاسٹل میں آتشزدگی سے کم از کم 12 افراد ہلاک اور 22 زخمی ہو گئے ہیں۔

یہ واقعہ منگل کو دیر گئے جنوبی صوبہ ادانا میں لڑکیوں کے ہاسٹل میں پیش آیا اور مرنے والوں میں 11 طالبات کی عمریں 14 سال یا اس سے کم بتائی جاتی ہیں۔ ایک استانی بھی اس واقعے میں جان سے گئیں۔

آتشزدگی کی وجوہات تاحال واضح نہیں ہو سکی ہیں لیکن حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بظاہر بجلی کے نظام میں خلل (شارٹ سرکٹ) کے باعث آگ بھڑکی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ادانا صوبے کے گورنر محمود دمرتاس نے سرکاری خبر رساں ایجنسی اناطولو کو بتایا کہ زخمیوں میں سے بعض عمارت میں دھواں بھر جانے سے متاثر ہوئے جب کہ بعض کو عمارت سے چھلانگ لگا کر بچ نکلنے کے دوران زخم آئے۔

ترک ٹیلی ویژن پر متعدد منزلہ ہاسٹل کی عمارت کو شعلوں میں لپٹا ہوا دکھایا گیا اور حکام کے مطابق بھڑکتی آگ پر تین گھنٹوں کی تگ و دو کے بعد قابو پایا گیا۔

ایسی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں کہ عمارت سے ہنگامی حالت میں باہر نکلنے والے زینہ کا دروازہ بند تھا جس کی وجہ سے طالبات اندر ہی پھنس کر رہ گئی تھیں۔

تاہم گونر دمرتاس نے اس پر کسی طرح کا تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

ترک حکومت کے اعلیٰ عہدیداران صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ادانا پہنچ گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG