رسائی کے لنکس

ترکی میں چھ صحافیوں کو عمر قید کی سزا، ناکام بغاوت میں ملوث ہونے کا الزام


ناکام فوجی بغاوت کے خلاف استپبول میں عوام کا مظاہرہ۔ 19 جولائی 2016
ناکام فوجی بغاوت کے خلاف استپبول میں عوام کا مظاہرہ۔ 19 جولائی 2016

ترکی کے سرکاری خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ استنبول کی ایک عدالت نے6 صحافیوں کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ ان پر 2016 کی ناکام فوجی بغاوت میں ملوث ہونے کا الزام تھا۔

خبررساں ادارے اناتولی نے کہا ہے کہ جمعے کے روز جن صحافیوں کو سزا سنائی گئی ان میں روزنامہ تاراف کے چیف ایڈیٹر احمد التان بھی شامل ہیں۔

سزا پانے والے دیگر افراد میں ان کے بھائی، صحافی اور ماہر تعلیم محمد التان اور معروف صحافی نازلی الیکاک کا نام بھی ہے۔

ان صحافیوں پر الزام لگایا گیا تھا کہ ان کے امریکہ میں قیام پذیر عالم دین فتح اللہ گولن کے ساتھ تعلقات تھے۔

ترکی کا کہنا ہے کہ 15 جولائی 2016 کی ناکام فوجی بغاوت میں گولن کا ہاتھ تھا۔

گولن ترک حکومت کے الزامات کو مسترد کرچکے ہیں۔

سزا پانے والے صحافیوں پر ترکی کے آئین کے خلاف کام کرنے اور ایک دہشت گرد گروپ کی رکنیت رکھنے کا الزام لگایا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG