رسائی کے لنکس

گنیز ورلڈ ریکارڈ، ترکی کی رومیسہ گیلگی دنیا کی سب سے طویل قامت خاتون قرار


ماہرین کے مطابق رومیسہ کا قد ویور سنڈروم نامی بیماری کی وجہ سے بڑھا۔
ماہرین کے مطابق رومیسہ کا قد ویور سنڈروم نامی بیماری کی وجہ سے بڑھا۔

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے ترکی کی رومیسہ گیلگی کو دنیا کی سب سے طویل قامت خاتون قرار دے دیا ہے۔ اُن کا قد سات فٹ اور 0.7 انچ ہے۔

بدھ کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق رومیسہ نے اس سے قبل 2014 میں سب سے طویل قامت ٹین ایجر لڑکی کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔

ماہرین کے مطابق رومیسہ کا قد ویور سنڈروم نامی بیماری کی وجہ سے بڑھا۔ مذکورہ بیماری کے باعث بچے بہت تیزی سے نشونما پاتے ہیں اور اس میں مبتلا افراد کا قد عموماً زیادہ ہوتا ہے اور ہڈیوں کی ساخت بھی تبدیل ہو جاتی ہے۔

اس بیماری کی وجہ سے رومیسہ وہیل چیئر استعمال کرنے پر مجبور ہیں جب کہ وہ سہارے کے ساتھ ہی کچھ وقت کے لیے چہل قدمی کر سکتی ہیں۔

سن 2014 میں رومیسہ کے اس ریکارڈ کے بعد سے ہی وہ مذکورہ بیماری سے متعلق آگاہی کے لیے کام کر رہی ہیں۔

اُن کے بقول جب وہ عوامی مقامات میں جاتی ہیں تو لوگ انہیں دیکھ کر حیران ہوتے ہیں، تاہم زیادہ تر لوگ اُن کی مدد کرتے ہیں اور اُن کے ساتھ شفقت سے پیش آتے ہیں۔

دنیا کے سب سے طویل قامت مرد کا ریکارڈ بھی ترکی کے پاس ہے۔ ترکی کے سلطان کوسن آٹھ فٹ اور 2.8 انچ کے ساتھ دنیا کے سب سے طویل قامت شخص قرار پائے تھے۔

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق ایسا بہت کم ہوا ہے جب ایک ہی ملک سے تعلق رکھنے والے مرد اور خاتون نے یہ ریکارڈز اپنے نام کیے ہوں۔اس سے قبل 2009 میں چین سے تعلق رکھنے والے باؤ شی شن اور یاؤ ڈیفین کے پاس بیک وقت یہ ریکارڈز تھے۔

باؤ شی شن کا قد سات فٹ اور 8.95 انچ ہے جب کہ ڈیفین کا قد سات فٹ سات انچ ہے۔

XS
SM
MD
LG