رسائی کے لنکس

ترک وزیراعظم منگل کو پاکستان کا دورہ کریں گے


ترکی کے وزیراعظم احمد داؤد اغلو (فائل فوٹو)
ترکی کے وزیراعظم احمد داؤد اغلو (فائل فوٹو)

اس دورے کے دوران پاکستان اور ترکی کے اعلیٰ سطحی اسٹرایٹیجک تعاون کا چوتھا اجلاس ہو گا، جس کی صدارت دونوں ملکوں کے وزارئے اعظم کریں گے۔

ترکی کے وزیراعظم احمد داؤد اغلو منگل سے پاکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے جس میں اُن کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی آئے گا۔

پاکستانی وزارت خارجہ کی ترجمان کے دفتر سے جاری ایک بیان کے مطابق ترک وزیراعظم کے ہمراہ آنے والوں میں اعلیٰ سطحی کاروباری شخصیات بھی شامل ہوں گے۔

بطور وزیراعظم احمد داؤد اغلو کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے، اُنھوں نے اگست 2014 میں وزارت عظمٰی کا منصب سنبھالا تھا۔ اس سے قبل وہ ترکی کے وزیر خارجہ کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔

اس دورے کے دوران پاکستان اور ترکی کے اعلیٰ سطحی اسٹرایٹیجک تعاون کا چوتھا اجلاس ہو گا، جس کی صدارت دونوں ملکوں کے وزارئے اعظم کریں گے۔

ان اعلیٰ سطحی مذاکرات میں چھ شعبوں میں جاری تعاون میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا جن میں خزانہ اور بینکنگ، تجارت، توانائی، ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے علاوہ تعلیم ثقافت اور سیاحت شامل ہیں۔

اس دورے کے دوران کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔ جب کہ وزیراعظم نواز شریف اپنے ترک ہم منصب احمد داؤد اغلو کے ہمراہ پاکستان ترک کاروباری فورم 2015 میں بھی شرکت کریں گے۔

پاکستان اور ترکی کے درمیان روایتی طور پر قریبی تعلقات رہے ہیں۔​

XS
SM
MD
LG