رسائی کے لنکس

ترکی میں بجلی سے چلنے والی پہلی کار کے ماڈل کی رونمائی


صدر اردوان کار کی رونمائی کر رہے ہیں
صدر اردوان کار کی رونمائی کر رہے ہیں

ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے جمعے کے روز ملک میں تیار کردہ بجلی سے چلنے والی کار کے ماڈل کی رونمائی کی۔ اس کے ساتھ ہی، اردوان ملک کے اندر مکمل طور پر کارسازی کی صنعت قائم کرنے کے وعدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

صدر اردوان نے ایک ایس یو وی اور ایک سیڈان طرز کی گاڑی کی رونمائی کی۔ ترکی کی کمپنیوں کے کنسورشیم کے ناموں کی مناسبت سے ان گاڑیوں کا نام TOGG رکھا گیا ہے جو مل کر یہ گاڑیاں تیار کریں گی۔

صدر اردوان گاڑی کی ٹیسٹ ڈرائیو کر رہے ہیں
صدر اردوان گاڑی کی ٹیسٹ ڈرائیو کر رہے ہیں

پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق، صدر اردوان نے خلیج ازمت کے اوپر واقع پل پر اس گاڑی کی خود ٹیسٹ ڈرائیو کی اور انہوں نے اس کار کے پہلے خریدار کے طور پر اپنا نام درج کرنے کی پیشکش بھی کی تھی۔ توقع ہے کہ ترکی میں تیار کردہ یہ کاریں 2022 میں مارکیٹ میں دستیاب ہوں گی۔

کار کے ماڈل کی رونمائی کرتے ہوئے صدر اردوان کا کہنا تھا کہ یہ ایک تاریخی دن ہے جب ملک میں 60 برس قبل دیکھے جانے والا خواب حقیقت کا روپ دھار رہا ہے۔

ترکی کے صدر طویل عرصے سے صنعتکاروں کو ملک کے اندر کارسازی کی ترغیب دیتے آئے ہیں، تاکہ، بقول ان کے، ’’ترکی کو ایک اقتصادی طاقت میں تبدیل کیا جا سکے‘‘۔

یہ کاریں ترکی کی پانچ کمپنیوں کا کنسوشیم تیار کرے گا، جسے آٹو موبیل اینی شی ایٹو گروپ ٹرکی یعنی TOGG کا نام دیا گیا ہے۔ کنسورشیم یہ کاریں ترکی کی یونین آف چیمبرز اینڈ کموڈیٹیز ایکسچینجز کے ساتھ مل کر تیار کرے گا۔

ترکی کی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ کاریں اٹلی کی پینن فارینا ڈیزائن کمپنی نے ڈیزائن کی ہیں جو اس سے قبل فیراری اور کیلی فورنیا میں بننے والی بجلی سے چلنے والی کار کارما کے ڈیزائن بھی بنا چکی ہے۔

صدر اردوان کا کہنا تھا کہ ترکی میں بننے والی کاروں کا کارخانہ صوبہ بصرہ میں تعمیر کیا جائے جو 2021 تک مکمل ہو جائے گا اور اس میں 4,300 لوگوں کو روزگار حاصل ہو گا۔

اس وقت ترکی میں فورڈ اور ٹویوٹا سمیت متعدد غیر ملکی کاریں اسیمبل کی جاتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG