رسائی کے لنکس

انگلینڈ حاوی، بنگلہ دیش کو 106 رنز سے شکست


انگلینڈ، بنگلہ دیش میچ میں ہفتے کے روز انگلینڈ 106 رنز سے جیت گیا۔ بنگلہ دیش کو 387 رنز کا مشکل ہدف ملا تھا جو وہ حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ اس کے تمام کھلاڑی 48 اعشاریہ 5 بالوں میں 280 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

بنگلہ دیش کا صرف ایک کھلاڑی شکیب الحسن 121 رنز بنانے میں کامیاب ہوا جبکہ باقی کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی 28 رنز سے زیادہ کا اسکور نہ کر سکا۔

بنگلہ دیش کی اننگز کا آغاز اوپنرز تمیم اقبال اور سومیا سرکار نے کیا۔ لیکن، اوپننگ جوڑی کچھ خاص نہ کر سکی، کیوں کہ سومیا سرکار صرف 2 رنز بنا کر آرچر کی بال پر آؤٹ ہوگئے۔ ان کی جگہ شکیب الحسن بیٹنگ کے لئے آئے۔

بنگلہ دیش کو دوسرا جھٹکا اس وقت لگا جب تمیم اقبال 18 رنز بنا کر مارک ووڈ کی بال پر آؤٹ ہوئے۔ ان کی جگہ مشفیق الرحیم نے لی۔

18 اوورز کے اختتام تک بنگلہ دیش نے دو کھلاڑیوں کے نقصان پر 92 رنز بنائے۔ شکیب الحسن 47 اور مشفق الرحیم 16 رنز پر کھیل رہے تھے۔

اگلے اوور میں شکیب نصف سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے تو مجموعی اسکور بھی 100 رنز کا ہندسہ عبور کر گیا۔

شکیب الحسن اور مشفق الرحیم بغیر کسی دباؤ کے کھیلتے محسوس ہوئے۔ دونوں نے اسکور بنانے میں تیزی دکھائی جبکہ مزید وکٹیں بھی نہیں گرنے دیں۔

بنگلہ دیش کا تیسرا وکٹ 169 رنز پر گرا جب مشفق الرحیم 44 رنز بنا کر پلنکیٹ کی بال پر جیسن روئے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

اسکور میں ایک ہی رن کا اضافہ ہوا تھا کہ وہ راشد مٹھن کی وکٹ بھی لے اڑے اور یوں بنگلہ دیش کو چوتھی وکٹ کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

شکیب الحسن نے بنگلہ دیش کی طرف سے شاندار 121 رنز بنائے۔ انہیں اسٹوکس نے آؤٹ کیا جبکہ بیٹنگ کے لئے آنے والے نئے کھلاڑی مصدق حسین تھے۔

مصدق کا انفرادی اسکور 27 رنز تھا کہ انہیں اسٹوکس نے آرچر کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔

بنگلہ دیش کا اسکور 45 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 261 رن ہوا تو محمود اللہ مارک ووڈ کی بال پر 26 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، جبکہ نئے بیٹسمین مہدی علی مرزا تھے۔

45 ویں اوور کی چوتھی بال پر سیف الدین بھی پانچ رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ مشرفی مرتضیٰ نے کریز پر قدم رکھا۔ سیف کو اسٹوکس نے بولڈ کیا۔

280 کے مجوعی اسکور پر مہدی حسن مرزا بطور نویں کھلاڑی آؤٹ ہوئے اور پویلین کی راہ لی۔ وہ 12 رنز بناسکے۔ انہیں آرچر نے آؤٹ کیا۔ ان کی جگہ مستفیض الرحمٰن کھیلنے آئے۔ لیکن، بغیر کوئی رن بنائے ہی آؤٹ ہوگئے۔ ان کی وکٹ بھی آرچر نے لی۔ مشرفی مرتضیٰ ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ، سب سے بڑا اسکور بنانے میں کامیاب
انگلینڈ، بنگلہ دیش کے خلاف ورلڈ کپ 2019 کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 386 رنز بنانے میں کامیاب رہا جس کے بعد بنگلہ دیش کو یہ میچ جیتنے کے لئے 387 رنز کا مشکل ہدف ملا۔

اس سے قبل ورلڈ کپ 2019 کے اس بارہویں میچ میں جو صوفیہ گارڈنز کارڈف میں کھیلا گیا بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے انگلینڈ کو بیٹنگ کا موقع دیا۔

انگلش بیٹسمین جونی بیرسٹو اور جیسن روئے نے اوپننگ کی جبکہ شکیب الحسن نے بنگلہ دیش کی جانب سے بالنگ کی شروعات کی۔

دونوں ٹیمیں رواں ورلڈ کپ میں 2،2 میچز کھیل چکی ہیں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ دونوں ٹیموں نے یہ میچ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے اور دونوں میں جنوبی افریقہ کو شکست کا سامنا ہوا۔

دونوں ہی بیٹسمین جارحانہ بیٹنگ کے موڈ میں نظر آئے جس سے انگلینڈ کے اسکور میں تیزی سے اضافہ ہوا اور ٹیم صرف 10 اوورز میں ہی 70 رنز کے قریب پہنچ گئی۔

15ویں اوور کے اختتام پر جبکہ انگلینڈ کے اسکور نے 100 کا ہندسہ عبور کیا اسی وقت سے یہ لگنے لگا تھا کہ انگلینڈ مخالف ٹیم کو ایک بڑا ہدف دینے میں کامیاب ہوجائے، اور ایسا ہی ہوا۔

تاہم، ایسی صورتحال ہوئی تو پھر انگلینڈ کے بالرز کو آج کے کھیل میں اہم کردار ادا کرنا پڑے گا۔

فیلڈنگ کے حوالے سے بات کریں تو بنگلہ دیش کی جانب سے آج اچھی فیلڈنگ کا مظاہرہ نہیں ہوا اور زیادہ تر بالز فیلڈرز کی گرفت سے نکلتی رہیں۔

ادھر انگلینڈ کا 19 ویں اوور میں پہلا وکٹ گر گیا۔ ٹیم کا اسکور 128 ربز تھا جیسن رائے 74 رنز پر کھیل رہے تھے کہ جونی بیرسٹو 48 رنز پر مشرفی مرتضیٰ کی بال پر مہدی حسن کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔

اسکور دو سو رنز ہوا تو جیسن 130 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ تاہم، روٹ جو 21 رنز پر کھیل رہے تھے، وہ محمد سیف الدین کی بال پر بولڈ ہوئے۔

اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جیسن رائے تھے جنہوں نے شاندار 153 رنز بنائے۔ یہ ناصرف انگلینڈ کا سب سے بڑا اسکور تھا بلکہ رواں ورلڈ کپ کا بھی یہ سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ اب تک کسی اور کھلاڑی نے اتنا اسکور نہیں کیا۔

جیسن روئے کو مہدی حسن مرزا نے مشرفی مرتضیٰ کے ہاتھوں کیچ کرایا۔

بٹلر 64 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اسٹوکس صرف 6 رنز پر اور مورگن 35 پر پویلین لوٹے۔ ووکس نے 18 اور پلینکٹ نے 27 رنز بنائے اور آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔

پوائنٹس ٹیبل پر دونوں ٹیموں کی پوزیشن
پوائنٹس ٹیبل پر موجود باقی ٹیموں کے بجائے صرف انگلینڈ اور بنگلہ دیش کی پوزیشنز پر نظر ڈالی جائے تو دونوں ٹیموں نے اپنے حصے کے دو، دو میچز کھیلے ہیں اور دونوں کو صرف ایک، ایک میچ میں ہی فتح مل سکی ہے۔ لہذا، دونوں کے 2، 2 پوائنٹس ہیں۔

انگلینڈ: اوئن مورگن، جونی بیرسٹو، جاس بٹلر، لیام پلنکیٹ، عادل رشید، جوئے روٹ، جیسن روئے، بین اسٹوکس،عادل راشد، جوفرا آرچر اور مارکس ووڈ۔

بنگلہ دیش : مشرفی مرتضیٰ، شکیب الحسن، تمیم اقبال، لٹن داس، سومیا سرکار، مشفیق الرحیم، محمود اللہ، محمد مٹھن، محمد سیف الدین، مہدی حسن، مصدق حسین اور مستفیض الرحمٰن۔

XS
SM
MD
LG