رسائی کے لنکس

لاہور: دو بم دھماکوں میں 18 افراد زخمی


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں بدھ کی شب ہونے والے دو بم دھماکوں میں کم از کم 18 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں بدھ کی شب ہونے والے دو بم دھماکوں میں کم از کم 18 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

لاہور شہر کے ڈی سی او نور الامین مینگل نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا ہے کہ دھماکے شہر کے گنجان علاقے بادامی باغ میں واقع فروٹ منڈی میں ہوئے ہیں۔

ڈی سی او کے مطابق دھماکوں کے بیشتر زخمیوں کو میو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں دوزخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ شہر کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق دونوں دھماکے ریموٹ کنٹرولڈ ڈیوائس کے ذریعے کیے گئے۔

واقعے کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں آئی جی پنجاب نے بتایا کہ پہلا دھماکہ منڈی میں موجود ایک ٹھیلے کے نیچے نصب بم کے پھٹنے سے ہوا۔ دوسرا بم مرکزی دروازے کے قریب پارکنگ میں نصب کیا گیاتھا جو پہلے دھماکے کے کچھ دیر بعد پھٹا۔

پنجاب پولیس کے سربراہ نے کہا ہے کہ بدھ کی صبح ملتان سے ایک دہشت گرد کی ہلاکت کے بعد دہشت گردی کی اس نوعیت کی وارداتوں کا امکان تھا اور سیکیورٹی پہلے ہی سے الرٹ کردی گئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد 'ہائی ویلیو ٹارگٹ' تھا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ واقعے کے بعد لاہور شہر کے داخلی و خارجہ راستوں پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ ملتان پولیس نے بدھ کو عبدالغفار نامی ایک دہشت گرد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا جس کا تعلق، حکام کے بقول، تحریکِ طالبان پنجاب سے تھا۔

پولیس کے مطابق مبینہ دہشت گرد ایک بس میں سوار تھا جسے ایک خفیہ اطلاع پر پولیس پارٹی نے گرفتار کرنے کے لیے غازی گھاٹ پل کے نزدیک بس کو روکا۔ دہشت گرد نے پولیس اہلکاروں پر دستی بم سے حملہ کرنے کی کوشش کی جن کی جوابی کاروائی میں وہ ہلاک ہوگیا۔

بدھ کی شام ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے علاقے نیپا چورنگی پہ واقع ایک اسپتال کی دیوار کے ساتھ پڑے ایک تھیلے سے بھی تین دستی بم برآمد ہوئے تھے جنہیں پولیس نے ناکارہ بنادیا تھا۔
XS
SM
MD
LG