رسائی کے لنکس

logo-print

صارفین کا ڈیٹا اشتہارات کے لیے استعمال ہونے پر ٹوئٹر کی معذرت


سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے اعتراف کیا ہے کہ سیکیورٹی مقاصد کے لیے محفوظ شدہ بعض صارفین کا ڈیٹا اشتہارات کے لیے استعمال ہوا ہے۔

منگل کو اپنی بلاگ پوسٹ میں ٹوئٹر انتظامیہ نے ان صارفین سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک غلطی تھی جسے دور کر دیا گیا ہے۔

ٹوئٹر انتظامیہ کے مطابق صارفین ٹوئٹر اکاؤنٹ بناتے وقت اپنا ای میل ایڈریس اور فون نمبرز درج کرتے ہیں اور یہ ڈیٹا سیکیورٹی مقاصد کے لیے محفوظ کر لیا جاتا ہے۔

ٹوئٹر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ خامی 17 ستمبر کو دور کر لی گئی تھی۔ تاہم کتنے صارفین کا ڈیٹا استعمال ہوا ٹوئٹر نے اس حوالے سے تفصیلات جاری نہیں کیں۔

ٹوئٹر اور فیس بک انتظامیہ کو عالمی سطح پر وقتاً فوقتاً اس تنقید کا سامنا رہتا ہے کہ وہ صارفین کا ڈیٹا محفوظ بنانے کے لیے کیا اقدامات کرتے ہیں۔

ٹوئٹر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اشتہاری کمپنیاں جب اپنی مارکیٹنگ فہرست جاری کرتی ہیں تو ایسا ممکن ہے کہ بعض ٹوئٹر صارفین کے ٹیلی فون نمبرز اور ای میل ایڈریس اس سے مماثلت رکھتے ہوں۔

انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ صارفین کے فون نمبرز اور ای میل ایڈریس کسی دوسری کمپنی یا ادارے کو دانستہ طور پر فراہم نہیں کیے گئے تھے۔ لیکن بعض صارفین کو یہ اشتہارات موصول ہو گئے تاہم آئندہ ایسی غلطی کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG