رسائی کے لنکس

اردن: فائرنگ سے دو امریکیوں سمیت تین غیر ملکی ہلاک


فائل
فائل

حکام کے مطابق دارالحکومت عمان کے مشرق میں واقع ضلعے الموقر کے پولیس تربیتی مرکز میں ہونے والی فائرنگ میں دو امریکی فوجیوں سمیت چھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

اردن میں پولیس کے ایک تربیتی مرکز میں ایک اردنی اہلکار نے فائرنگ کرکے دو امریکیوں اور ایک جنوبی افریقی کو قتل کردیا ہے۔

حکام کے مطابق دارالحکومت عمان کے مشرق میں واقع ضلعے الموقر کے تربیتی مرکز میں ہونے والی فائرنگ میں کم از کم چھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق زخمی ہونے والوں میں دو امریکی فوجی اہلکار بھی شامل ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

اردنی حکومت کے ایک ترجمان نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا ہے کہ اردنی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ میں حملہ آور اہلکار مارا گیا ہے۔

اس سے قبل ذرائع ابلاغ میں آنے والی خبروں میں کہا گیا تھا کہ فائرنگ کرنے والے اہلکار نے خود کشی کرلی ہے۔

اردن کے ایک اعلیٰ سکیورٹی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر 'رائٹرز' کو بتایا ہے کہ فائرنگ کرنے والا اہلکار اردنی فوج میں کپتان اور تربیت مرکز میں سینئر ٹرینر کی حیثیت سے تعینات تھا۔

الموقر میں واقع پولیس تربیتی مرکز 2003ء میں امریکہ اور اردن کے درمیان طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت قائم کیا گیا تھا جس کا مقصد پڑوسی ملک عراق کے پولیس اہلکاروں کو تربیت دینا تھا۔ بعد ازاں مرکز میں فلسطینی اتھارٹی کے سکیورٹی اہلکاروں کو بھی تربیت دی جانے لگی تھی۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے ایک ترجمان نے واشنگٹن میں صحافیوں کو بتایا ہے کہ امریکی حکومت الموقر کے پولیس ٹریننگ مرکز میں پیش آنے والے واقعے پر اردنی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے اور مقامی حکام کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔

XS
SM
MD
LG