رسائی کے لنکس

اسلام آباد: حساس علاقے کی عمارت میں آتشزدگی، دو ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

وفاقی دارالحکومت کے حساس ترین علاقے (ریڈ زون) میں واقع ایک عمارت میں آتشزدگی سے کم از کم دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

اتوار کی علی الصبح شاہراہ دستور پر واقع عمارت "عوامی مرکز" میں لگنے والی آگ کے بارے میں یہ ابتدائی اطلاعات سامنے آئیں کہ یہ ایئرکنڈیشنگ پلانٹ میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی اور تیزی سے پھیل گئی۔

اس عمارت میں متعدد بین الاقوامی کمپنیوں خصوصاً سافٹ ویئر اور کال سینٹر واقع ہیں۔ آتشزدگی سے بچنے کے لیے یہاں موجود دو افراد نے دوسری منزل سے چھلانگ لگا دی جنہیں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔

حکام نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ مرنے والے دونوں افراد نے جلد بازی میں چھلانگ لگائی جس سے وہ شدید زخمی ہوئے۔

آتشزدگی کی اطلاعات ملتے ہی فائربریگیڈ اور امدادی ٹیمیں یہاں پہنچ گئیں اور تقریباً ڈھائی گھنٹوں کی تگ و دو کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔

امدادی کارکنوں نے یہاں سے ایک درجن سے زائد افراد کو بحفاظت نکال لیا ہے۔

اس چھ منزلہ عمارت کے ایک طرف پاکستان کے سرکاری ٹی وی کا ہیڈ کوارٹر اور پرتعیش ہوٹل ہے جب کہ سامنے پارلیمان اور سیکریٹریٹ واقع ہے۔

XS
SM
MD
LG