رسائی کے لنکس

گوانتانامو بے سے دو افراد رہائی کے بعد گھانا منتقل


گوانتانامو میں خالی کیمپ VI کا ایک منظر۔ (فائل فوٹو)
گوانتانامو میں خالی کیمپ VI کا ایک منظر۔ (فائل فوٹو)

گھانا کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ان دو افراد کا تعلق یمن سے ہے اور انہیں دہشت گردی سے متعلق تمام الزامات سے بری کر دیا گیا ہے۔

پینٹاگان نے اعلان کیا ہے کہ اس نے کیوبا میں گوانتانامو بے میں واقع امریکہ کے حراستی مرکز میں زیر حراست دو افراد کو گھانا منتقل کر دیا ہے۔

ان دو مشتبہ دہشت گردوں کو حراستی مرکز سے منتقل کرنے کا فیصلہ ان کے مقدمات کے جامع تجزیے کے بعد سیکورٹی معاملات سمیت کئی عوامل کی بنیاد پر کیا گیا۔

گھانا کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ان دو افراد کا تعلق یمن سے ہے اور انہیں دہشت گردی سے متعلق تمام الزامات سے بری کر دیا گیا ہے۔

وزارت کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کا رکن ہونے کی حیثیت سے گھانا کی ذمہ داری ہے کہ وہ شام کے پناہ گزینوں کو قبول کرنے سمیت ’’عالمی بحران کی صورتحال‘‘ میں مدد فراہم کرے۔

پینٹاگان کا کہنا ہے کہ گوانتانامو میں اب 105 افراد زیر حراست ہیں۔

عہدہ صدارت چھوڑنے سے قبل صدر براک اوباما گوانتانامو حراستی مرکز کو بند کرنا چاہتے ہیں۔

تاہم گانگریس کے کئی ارکان گوانتانامو کو بند کرنے کی منظوری دینے میں تذبذب کا شکار ہیں کیونکہ ایسا کرنے کے لیے وہاں زیر حراست کچھ افراد کو امریکہ میں موجود وفاقی جیلوں میں منتقل کرنا ضروری ہے۔

گزشتہ نومبر میں کانگریس نے ایک قانون کے ذریعے گوانتانامو میں زیر حراست مشتبہ دہشت گردوں کو امریکی سرزمین پر قید کے لیے منتقل کرنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔

XS
SM
MD
LG