رسائی کے لنکس

امریکہ: دو فوجی طیارے گر کر تباہ، ایک پائلٹ ہلاک


کولوراڈو سپرنگز میں گرنے والا فوجی طیارہ
کولوراڈو سپرنگز میں گرنے والا فوجی طیارہ

بحریہ کا ہوا باز ریاست ٹنیسی کے شہر نیش وِل میں بلو اینجل ایف اٹھارہ طیارے میں ایک فضائی مظاہرے کے لیے مشق کر رہا تھا۔

امریکہ کی بحریہ کا ایک پائلٹ جمعرات کو ایک فوجی طیارہ گرنے سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ جمعرات کو ہی فوجی طیارہ گرنے کا ایک اور واقعہ بھی پیش آیا۔

بحریہ کا ہوا باز ریاست ٹنیسی کے شہر نیش وِل میں بلو اینجل ایف اٹھارہ طیارے میں ایک فضائی مظاہرے کے لیے مشق کر رہا تھا۔ یہ طیارہ ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے کے دوران ہی پائلٹ سمیت گر کر تباہ ہو گیا۔

اس حادثے سے زمین پر کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں۔ بحریہ نے اس واقعے کی مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔

جمعرات کو ہی ریاست کولوراڈو کے شہر کولوراڈو سپرنگز میں ایئرفورس اکیڈمی کی گریجوایشن تقریب میں پرواز کے دوران ایک ایف سولہ طیارہ گر کر تباہ ہوا مگر اس میں سوار پائلٹ بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہو گیا۔ اس تقریب میں صدر اوباما بھی شریک تھے۔

پائلٹ کو معمولی چوٹیں آئیں جبکہ طیارہ ایک کھلے میدان میں جا گرا جہاں زمین پر کوئی زخمی نہیں ہوا۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ اوباما نے بعد میں پیٹرسن ایئر فورس بیس میں طیارے کے پائلٹ سے ملاقات کی اور اس کی سلامتی پر اطمینان کا اظہار کیا اور فضائیہ میں خدمات کے لیے اس کا شکریہ ادا کیا۔

طیارہ گرنے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG