رسائی کے لنکس

متحدہ عرب امارات: امریکی شہری کی قاتل خاتون کو سزائے موت


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اکتیس سالہ اعلیٰ بدر عبداللہ الھاشمی نے امریکی شہری ایبولیا ریان کو ابو ظہبی کے ایک شاپنگ مال میں چاقو سے وار کرکے قتل کیا تھا۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’ڈبلیو اے ایم‘ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے دہشت گردی کے الزام میں موت کی سزا پانے والی ایک خاتوں کی سزا پر پیر کی صبح عملدرآمد کر دیا ہے۔

متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والی اس خاتوں نے شدت پسندی سے متاثر ہو کر گزشتہ سال دسمبر میں ایک امریکی خاتون استاد کو قتل کیا تھا۔

اکتیس سالہ اعلیٰ بدر عبداللہ الھاشمی کو گیارہ سالہ جڑواں بچوں کی ماں ایبولیا ریان کو ابوظہبی کے ایک شاپنگ مال میں چاقو سے وار کرکے قتل کرنے اور ایک مصری نژاد امریکی ڈاکٹر کے کلینک کے باہر بم دھماکا کرنے کی کوشش کے الزام میں 29 جون کو سزائے موت سنائی گئی تھی۔

ہاشمی پر شدت پسند نظریات پھیلانے کی غرض سے ایک ٹویٹر اکاؤنٹ بنانے اور حملوں کے لیے ایک شدت پسند تنظیم کی مالی معاونت کرنے کا الزام بھی ثابت ہوا ہے۔

خبر رساں ادارے نے اس بات کی تفصیل نہیں بتائی کہ ہاشمی کو کیسے سزائے موت دی گئی۔

پولیس نے گزشتہ سال کہا تھا کہ ہاشمی انٹرنیٹ کے ذریعے انتہا پسندی کی جانب مائل ہوئی اور کسی بھی غیر ملکی کو مارنے کے لیے ڈھونڈ رہی تھی۔

سیاحت کے اہم مرکز متحدہ عرب امارات میں غیر ملکیوں پر شاذونادر ہی حملے ہوتے ہیں، مگر سعودی عرب اور کویت سمیت خلیجی ریاستوں میں اسلامی شدت پسندوں کے حملوں کے بعد ملک میں تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔

متحدہ عرب امارات شام میں داعش کے خلاف فضائی حملوں میں شریک ہے۔ داعش نے خلیجی ممالک میں مسلمانوں سے کہا ہے کہ وہ اس کے خلاف حملوں کے جواب میں وہاں بسنے والے مغربی تارکین وطن کو نشانہ بنائیں۔ متحدہ عرب امارات داعش اور اخوان المسلمین کا سخت مخالف ہے۔

XS
SM
MD
LG