رسائی کے لنکس

یورپی عدالت انصاف کا ’اوبر‘ پر ٹیکسی قوانین لاگو کرنے کا حکم


اوبر (لوگو)

یورپی یونین کی عدالت انصاف نے بدھ کے روز اپنے ایک فیصلے میں کہا ہے کہ لوگوں کو ارزاں سواری فراہم کرنے والی کمپنی ’اوبر‘ پر ٹیکنالوجی کمپنی کی بجائے ایک ٹیکسی سروس کے قوانین کا اطلاق کیا جائے۔ اس اقدام سے یورپ میں اوبر کی کاروباری سرگرمیوں نقصان پہنچے گا۔

یہ فیصلہ بارسلونا کی ڈرائیورز ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر کی جانے والی ایک شکایت پر کیا گیا ہے۔ ایسوسی ایشن نے یہ مقدمہ اوبر کو بارسلونا میں اپنی سروسز سے روکنے کے لیے کیا تھا۔

ایسوسی ایشن کے ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ اوبر کے ڈرائیوروں پر بھی لائسنس اور دوسرے قواعد کا اطلاق ہونا چاہیے جو ان پر کیا جاتا ہے۔ انہیں ٹیکنالوجی کے نام پر چھوٹ دینا دوہرا معیار اور ناانصافی ہے۔

سین فرانسسکو میں قائم کمپنی اوبر کا کہنا ہے کہ اسے معلومات فراہم کرنے والی ایک کمپنی کے طور پر رجسٹر کیا جائے کیونکہ وہ مسافروں اور ڈرائیوروں کے درمیان موبائل فون کی ایک ایب کے ذریعے تعلق قائم کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

یورپی یونین کی اعلیٰ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ اوبر وہی سروسز فراہم کررہی ہے جو دوسری ٹرانسپورٹ کمپنیاں مہیا کرتی ہیں۔ اس لیے یورپی یونین کے قوانین کے تحت اوبر کا اندارج سفری سہولتیں فراہم کرنے والی ایک کمپنی کے طور پر کیا جائے۔

اس فیصلے کا اثر یورپی یونین میں شامل 28 ملکوں پر پڑے گا جہاں کی حکومتیں اوبر پر ٹرانسپورٹ کمپنی کے قوانین کا اطلاق کر سکتی ہیں۔

تاہم اوبر کمپنی کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے یورپ کے صرف چار ملکوں میں اس کی سرگرمیاں متاثر ہوں گی جب کہ وہ یورپ کے دیگر ملکوں میں اپنی خدمات کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG