رسائی کے لنکس

برطانوی وزیرِاعظم کا شاہد خاقان عباسی کو خط


برطانوی وزیراعظم تھریسا مے (فائل فوٹو)
برطانوی وزیراعظم تھریسا مے (فائل فوٹو)

برطانوی وزیراعظم نے مزید کہا ہے کہ وہ شاہد خاقان عباسی کے ساتھ مل کر تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کی منتظر ہیں۔

برطانیہ کی وزیراعظم تھریسا مے نے شاہد خاقان عباسی کو پاکستانی کی وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کا دیرینہ اور قابل انحصار دوست رہے گا۔

بدھ کو وزیراعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ برطانوی وزیراعظم نے اپنے پاکستانی ہم منصب کے نام لکھے گئے ایک خط میں کہا ہے کہ بطور برطانوی وزیرداخلہ اور اب وزیر اعظم وہ ان (شاہد خاقان عباسی) کے ساتھیوں اور پیش رو کے ساتھ مل کر دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی اور باہمی اہمیت کے امور میں تعاون کے فروغ کے لیے کام کرتی رہیں ہیں جسے برقرار رکھا جائے گا۔

تھریسا مے نے اپنے خط میں مزید کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے عوامی سطح پر مضبوط رابطے، مشترکہ تاریخ اور مستقبل ہے اور ایسے میں جب پاکستان اپنی آزادی کی 70 سالہ تقریبات منا رہا ہے، برطانیہ اس کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کی سترویں سالگرہ منا رہا ہے۔

اس ضمن میں دونوں ملکوں کے سفارتی مشنز میں خصوصی تقاریب کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔

برطانوی وزیراعظم نے مزید کہا ہے کہ وہ شاہد خاقان عباسی کے ساتھ مل کر تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور پاکستان کو محفوظ، مستحکم اور خوشحال بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کی منتظر ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے یکم اگست کو قومی اسمبلی سے منتخب ہونے کے بعد وزیراعظم کا عہدہ سنبھالا تھا۔

یہ منصب نواز شریف کو سپریم کورٹ کی طرف سے پاناما پیپرز کے معاملے میں عوامی عہدہ رکھنے کے لیے نااہل قرار دیے جانے کے بعد خالی ہوا تھا۔

XS
SM
MD
LG