رسائی کے لنکس

اقوام متحدہ: کرائمیا ریفرنڈم مخالف امریکی قرارداد پر ووٹنگ


 امریکی سفیر سامنتھا پاور (فائل فوٹو)
امریکی سفیر سامنتھا پاور (فائل فوٹو)

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کرائمیا کے روس سے الحاق یا یوکرین سے آزادی کے بارے میں اس ریفریڈم کے نتیجے کو تسلیم نا کیا جائے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہفتہ کو امریکہ کی طرف سے کرائمیا میں ہونے والے ریفرنڈم کے خلاف ایک قراردار پر رائے شماری ہو گی۔

اس قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کرائمیا کے روس سے الحاق یا یوکرین سے آزادی کے بارے میں اس ریفریڈم کے نتیجے کو تسلیم نا کیا جائے۔

امید کی جا رہی ہے کہ بحیرہ اسود پر واقع کرائمیا میں رائے شماری کے نتائج روس سے الحاق کے حق میں آئیں گے۔ 18 ویں صدی سے کرائمیا روسی بحری فوج کی میزبانی کر رہا ہے۔

سفارت کار یہ توقع کرتے ہیں کہ روس اقوام متحدہ میں امریکی قرارداد کو ویٹو کر دے جبکہ اس کے حامیوں کا کہنا ہے کہ 15 میں سے 13 سلامتی کونسل کے اراکین قرارداد کی منظوری دیں گے۔

دریں اثناء چین کی طرف سے قرارداد پر ووٹنگ کرنے سے متعلق کچھ نہیں کہا گیا۔ اگر ماسکو کے اتحادی اس رائے شماری سے الگ رہیں تو اس سے ظاہر ہو گا کہ روس اس معاملے پر عالمی سطح پر تنہا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری کہتے ہیں کہ روس کی طرف سے یوکرین کی تقسیم اور کرائمیا کا ماسکو سے الحاق ’’غیر قانونی‘‘ ہوگا۔

کیری نے کرائمیا سے متعلق بحران کو کم کرنے کی غرض سے جمعہ کو اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے لندن میں 6 گھنٹے طویل ملاقات بھی کی۔

لاوروف کا کہنا تھا کہ کیری سے ملاقات سود مند تھی مگر ان دونوں کے درمیان کرائمیا سے متعلق ’’مشترکہ سوچ ‘ نہیں پائی جاتی۔
XS
SM
MD
LG