رسائی کے لنکس

یوکرین امن مذاکرات کا دوسرا دور نہ ہو سکا


بدھ کو ہونے والے پہلے دور میں بھی مشرقی یوکرین میں آٹھ ماہ سے جاری لڑائی ختم کرانے کے لیے کوئی ٹھوس پیش رفت نہیں ہوسکی تھی۔

یوکرین اور روس نواز باغیوں کے نمائندے امن مذاکرات کے اگلے دور میں شریک نہیں ہو رہے۔

بیلاروس کے دارالحکومت منسک میں بدھ کو مذاکرات کا پہلا دور ہوا تھا لیکن بیلاروس کے عہدیداروں نے اعلان کیا ہے کہ طے شدہ دوسرا دور اب نہیں ہو رہا۔ انھوں نے اس کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

بدھ کو ہونے والے پہلے دور میں بھی مشرقی یوکرین میں آٹھ ماہ سے جاری لڑائی ختم کرانے کے لیے کوئی ٹھوس پیش رفت نہیں ہو سکی تھی۔

جمعرات کو علیحدگی پسندوں کے رہنماؤں کے حوالے سے یہ خبر آئی تھی کہ صرف قیدی بنائے گئے چار سو جنگجوؤں کے تبادلے سے متعلق ایک معاہدہ ہی بیلاروس میں ہونے والی بات چیت کا ثمر ہے۔

امن مذاکرات میں روس کے علاوہ یورپ میں سلامتی و تعاون کی ایک تنظیم کے نمائندے بھی شریک ہیں۔

بات چیت کا مقصد ستمبر میں ہونے والے جنگ بندی کے ایک معاہدے کو صحیح معنوں میں نافذ کرنا تھا جس کی وجہ سے لڑائی میں کسی حد تک کمی واقع ہوئی تھی۔

یوکرین اور اس کے مغربی اتحادی ماسکو پر الزام عائد کرتے ہیں کہ وہ علیحدگی پسندوں کو اسلحہ اور فوجی فراہم کر کے ان کی حمایت کر رہا ہے۔ روس ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG