رسائی کے لنکس

یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کار حادثے میں زخمی


 صدر ولودیمیر زیلنسکی، فائل فوٹو
صدر ولودیمیر زیلنسکی، فائل فوٹو

یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کار حادثے میں زخمی ہو گئے ہیں لیکن ان کی حالت تسلی بخش بتائی جاتی ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق یوکرین کے صدارتی ترجمان نے جمعرات کو ایک بیان میں بتایا ہے کہ دارالحکومت کیف میں صدر زیلنسکی کی کار کو حادثہ پیش آیا۔ تاہم انہوں نے حادثے کے وقت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔

ترجمان کے مطابق صدر کی کار ایک پرائیویٹ کار سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں زیلنسکی زخمی ہوئے ہیں تاہم انہیں ایسی چوٹیں نہیں آئیں کہ جن سے ان کی جان کو کسی قسم کا کوئی خطرہ ہو۔

ترجمان نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے صدر زیلنسکی کا معائنہ کیا ہے اور انہیں تسلی بخش قرار دیا ہے جب کہ حادثے کی تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔

صدارتی ترجمان کے بیان کے کچھ ہی دیر بعد صدارتی آفس نے زیلنسکی کے رات کے وقت کیے گئے قوم سے خطاب کی ایک ویڈیو بھی جاری کر دی جو وہ روزانہ کرتے ہیں۔

صدر زیلنسکی نے بدھ کو ہی ازیوم شہر کا دورہ کیا تھا جسے یوکرین کی افواج نے روسی افواج سے جھڑپوں کے بعد دوبارہ حاصل کیا ہے۔


اس دورے کے دوران صدر زیلنسکی نے فوجیوں سے ملاقاتیں کی تھیں اور انہیں ازیوم شہر سے روسی قبضہ چھڑانے پر ان کا شکریہ ادا کیا تھا۔

واضح رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان گزشتہ سات ماہ سے جنگ جاری ہے۔ یوکرین نے ملک کے شمال مشرقی علاقے خارکیف کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے کئی علاقوں کا کنٹرول دوبارہ حاصل کر لیا ہے۔

یوکرین نے منگل کو دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ایران ساختہ ڈرون مار گرایا ہے۔

برطانیہ کی وزارتِ دفاع نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ روس کے اسلحہ کے ذخیرے میں کمی واقع ہو رہی ہے اس لیے اس نے ایران اور شمالی کوریا جیسے ممالک سے ہتھیار لینا شروع کر دیے ہیں۔

XS
SM
MD
LG