رسائی کے لنکس

اقوام متحدہ کے امدادی فنڈ کے لیے 11ارب ڈالر کے وعدے


دنیا بھر سے عطیات دینے والے ممالک نے اقوام متحدہ کی زیر نگرانی فنڈ میں مجموعی طور پر گیارہ ارب ستر کروڑ ڈالر کی رقم جمع کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے جس کو ایڈز، ٹی بی اور ملیریا کے تدارک کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

عالمی تنظیم کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے منگل کے روز ”عالمگیر فنڈ“ میں مختلف ممالک کی طرف سے ڈالے گئے حصوں کا اعلان کیا اور بتایا کہ یہ رقم ”خوف میں زندگی گزارنے والے لاکھوں افراد کو ایک نئی زندگی دینے کے لیے کافی ہوگی“۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اس فنڈ کی مدد سے چلائے جانے والے پروگراموں سے تقریباً 57 لاکھ افراد کی جان بچائی جا چکی ہے ، جب کہ ایڈز اور ٹی بی کے لاکھوں مریضوں کے علاج کے علاوہ ملیریا سے محفوظ رہنے کے لیے لوگوں کو مچھر دانیاں بھی فراہم کی گئی ہیں۔

مسٹر بان نے امریکہ، فرانس، جاپان، کینیڈا، ناروے اور آسٹریلیا کی قیادتوں کی بالخصوص تعریف کی جنھوں نے فنڈ کو دیے جانے والے عطیات میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے۔ لیکن ان کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی ضروریات وعدہ کی گئی رقوم سے بڑھ سکتی ہیں اور اقوام متحدہ کو مزید وسائل پیدا کرنے کی کوششیں جاری رکھنی چاہیئیں۔

XS
SM
MD
LG