رسائی کے لنکس

عراق: بے گھر خاندانوں کے لیے خوراک کی فراہمی کا پروگرام


عالمی ادارہ خوراک کے عہدیداروں کے مطابق لڑائی کے باعث بے گھر ہونے والے خاندانوں کے لیے یہ پروگرام انتہائی اہم ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک ’ڈبلیو ایف پی‘ نے عراق میں لڑائی کے باعث بے گھر ہونے والے خاندانوں میں خوراک کے حصول کے ’واؤچر‘ یا کارڈز کی تقسیم شروع کر دی ہے۔

اس سلسلے میں گزشتہ ہفتے عراق کے شہر اربیل میں پانچ سو عراقیوں میں خوراک کے حصول کے لیے کارڈز تقسیم کیے گئے۔

عالمی ادارہ خوراک کے عہدیداروں کے مطابق لڑائی کے باعث بے گھر ہونے والے خاندانوں کے لیے یہ پروگرام انتہائی اہم ہے، جو اُنھیں اپنی روزہ مرہ زندگی میں کسی حد تک با اختیار بنائے گا۔

اس پروگرام سے اُن خاندانوں کو مدد ملے گی جو محفوظ مقامات پر منتقل تو ہو گئے، لیکن اُن کے پاس خوراک کی خریداری کے لیے وسائل کی کمی ہے۔

عالمی ادارہ خوراک کا منصوبہ ہے کہ کردستان کے خطے سے اپنا گھر بار چھوڑنے والے پانچ لاکھ عراقی شہریوں میں ایسے ’واؤچر‘ تقسیم کیے جائیں۔

اقوام متحدہ کا ادارہ برائے خوراک شام سے مصر، اردن، لبنان اور ترکی میں پناہ لینے والوں کے لیے بھی ایسا ہی ایک منصوبہ چلا رہا ہے۔

اس منصوبے کے لیے جاپان نے 50 لاکھ ڈالر جب کہ جرمنی نے 22 لاکھ ڈالر فراہم کیے ہیں۔

XS
SM
MD
LG