رسائی کے لنکس

جوہری تنازع، بین الاقوامی ایجنسی کا وفد ایران جائے گا


ایران کا بوشہر ایٹمی پلانٹ
ایران کا بوشہر ایٹمی پلانٹ

'رائٹرز' نے دعویٰ کیا تھا کہ وفد ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں جاری بین الاقوامی ایجنسی کی تحقیقات کے سلسلے میں آئندہ ہفتے تہران جائے گا۔

ایران نے تصدیق کی ہے کہ جوہری توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی (آئی اے ای اے) کا ایک اعلیٰ سطحی وفد مذاکرات کےلیے جلد ایران کا دورہ کرنے والا ہے۔

بین الاقوامی ایجنسی کے لیے ایران کے سفیر رضا نجفی نے جمعے کو صحافیوں کو بتایا کہ 'آئی اے ای اے' کے وفد کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ٹیرو ورجورانتا کریں گے جو ایجنسی میں جوہری تنصیبات کی حفاظت سے متعلق ڈویژن کے سربراہ بھی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز 'رائٹرز' نے اس دورے کی خبر جاری کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ یہ وفد ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں جاری بین الاقوامی ایجنسی کی تحقیقات کے سلسلے میں آئندہ ہفتے تہران جائے گا۔

جمعے کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی سفیر رضا نجفی نے 'رائٹرز' کی جانب سے اس دورے کی خبر دینے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی ایجنسی سے خفیہ معلومات کا اس طرح افشا ہونا قابلِ افسوس ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک مغربی ابلاغی ادارے کی جانب سے ایک ایسے وقت میں اس دورے کی خبر نشر کرنا جب ایران اور 'آئی اے ای اے' اس کی منصوبہ بندی میں مصروف ہیں، ظاہر کرتا ہے کہ ایجنسی میں "جاسوس" موجود ہیں۔

دورے کی خبر شائع ہونے پر 'آئی اے ای اے' نے تاحال کوئی باضابطہ ردِ عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

خیال رہے کہ ایجنسی گزشتہ کئی برسوں سے ایران کے جوہری پروگرام پر مغربی ملکوں کے الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے جن کا دعویٰ ہے کہ تہران خفیہ طور پر جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ایران اس الزام کی تردید کرتا ہے اور اس کا اصرار رہا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام سراسر پرامن مقاصد کے لیے ہے۔

XS
SM
MD
LG