رسائی کے لنکس

اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن کا ’ورکنگ باؤنڈی‘ کا دورہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان فوج کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ ہفتے ہونے والی مبینہ بھارتی بلااشتعال فائرنگ سے ورکنگ باؤنڈری اور کشمیر کو تقسیم کرنے والی ’لائن آف کنٹرول‘ کے قریب چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن نے حال ہی میں مبینہ طور پر بھارتی گولی باری اور فائرنگ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور زخمی افراد سے ملاقات کی۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے مطابق فوجی مبصر مشن نے سیالکوٹ میں ورکنگ باؤنڈری پر صالح پور اور مالین کے دیہاتوں کا دورہ کیا اور بھارتی فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد سے ملاقات کی اور عینی شاہدین سے معلومات اکٹھی کیں۔

پاکستان فوج کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ ہفتے ہونے والی مبینہ بھارتی بلااشتعال فائرنگ سے ورکنگ باؤنڈری اور کشمیر کو تقسیم کرنے والی ’لائن آف کنٹرول‘ کے قریب چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

گزشتہ ہفتے پاکستان نے’لائن آف کنڑول‘ اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارت کی مبینہ بلااشتعال فائرنگ پر اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ سے اس معاملے کی تحقیقات کرنے کی درخواست کی تھی۔

بھارت پاکستان کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے یہ کہتا آیا ہے کہ پاکستانی فورسز کی حالیہ فائرنگ سے اُس کے سرحدی علاقوں میں آباد ایک خاتون ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔

گزشتہ ہفتے ہی پاکستانی فوج نے لائن آف کنڑول پر ایک بھارتی ڈرون طیارے کو مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا اور پاکستان نے اسلام آباد میں بھارت کے ہائی کمشنر ٹی سی اے راگھوان کو دفتر خارجہ طلب کر کے بھارت کی طرف سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے واقعہ پر شدید احتجاج کیا تھا۔ تاہم بھارت کی فوج کی طرف سے پاکستانی الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ اُس کا ڈرون نہیں تھا۔

دونوں ملکوں کے درمیان سرحد پر کشیدگی میں اضافہ ایسے وقت ہوا جب کہ رواں ماہ ہی روس کے شہر ’اوفا‘ میں پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کی اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ہونے والی ملاقات میں سرحد پر کشیدگی کم کرنے سے متعلق اقدامات پر اتفاق کیا گیا تھا۔

ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا تھا کہ پاکستان رینجرز اور بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کے ڈائریکٹر جنرلز میں جلد ملاقات کا انتظام کیا جائے گا۔

لیکن ’اوفا‘ میں ہونے والی ملاقات کے بعد ہی ایک مرتبہ پھر دونوں ممالک کے درمیان حالیہ واقعات کے باعث کشیدگی میں اضافہ ہو گیا۔

XS
SM
MD
LG