رسائی کے لنکس

بان گی مون کا پاکستان کا دورہ


سیکرٹری جنرل بان گی مون (فائل فوٹو)
سیکرٹری جنرل بان گی مون (فائل فوٹو)

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان گی مون سیلاب کی تباہ کاریوں کا جائزہ لینے کے لیے رواں ہفےپاکستان پہنچ رہے ہیں ۔ صدراتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری عالمی تنظیم کے سربراہ کے اس دورے کا خیر مقدم کرتے ہیں اور یہ دورہ مشکل صورت حال میں پاکستان سے یکجہتی کا اظہا رہے ۔

امریکی سینیٹ میں خارجہ اُمور کمیٹی کے چیئرمین جان کیری بھی آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے۔ امریکی وزرات خارجہ کا کہنا ہے کہ جان کیر ی کے دورے کا مقصد پاکستان میں سیلاب زدگان کی ضروریات کے بارے میں امریکی عوام میں آگاہی پیدا کرنا ہے ۔

اس کے علاوہ سینیٹر جان کیری پاکستان کے لیے ساڑھے سات ارب ڈالر کے امریکی امداد کے کیری لوگر برمن پیکج میں سیلاب زدگان کی ضروریات کے مطابق ردوبدل پر بھی پاکستانی حکام سے بات چیت کریں گے۔

پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد کے لیے امریکہ نے سات کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے جو اب تک کسی ایک ملک کی طرف سے اعلان کردہ سب سے زیادہ امداد ہے۔ اس کے علاوہ امریکی ہیلی کاپٹر اور بیسیوں فوجی بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

امریکہ کی طرف سے اعلان کردہ 19 فوجی ہیلی کاپٹروں میں سے دو جمعرات کو پاکستان پہنچ گئے تھے، نئے ہیلی کاپٹر پاکستان میں پہلے سے امدادی سرگرمیوں میں مصروف چھ امریکی ہیلی کاپٹروں کی جگہ لیں گے۔ اب تک تین ہزار سے زائد لوگوں کو امریکہ کے فوجی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

اقوام متحدہ نے رواں ہفتے پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں ہنگامی امدادی منصوبوں کے لیے 459 ملین ڈالر امداد کی اپیل کی تھی۔ عالمی ادارے کا کہنا ہے سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی ، ملک کے انتظامی ڈھانچے اور زراعت سمیت دیگر شعبوں کو دوبارہ فعا ل بنانے کے لیے طویل المدتی منصوبوں کے لیے اربوں ڈالر درکار ہوں گے۔

وفاقی حکومت کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے1343 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے جب کہ عالمی ادارے کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1600 ہے ۔ سیلاب سے متاثر ہ افراد کی تعداد بھی ڈیڑھ سے دو کروڑ ہے اور اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اگر ان افراد کی فوری امداد نہ کی گئی تو صور ت حال مزید خراب ہوسکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG