رسائی کے لنکس

سیلاب کی صورتِ حال سے نمٹنے میں پاکستان کی مدد کی جائے: اقوامِ متحدہ


سیلاب سے متاثرین
سیلاب سے متاثرین

اقوامِ متحدہ نے سفیرژاں موریس رِپرٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ فی الفور اسلام آباد پہنچیں تاکہ پاکستان میں مون سون کے سیلاب کی صورتِ حال سے نمٹنے میں مدد دی جاسکے۔

یہ بات منگل کی شام اقوامِ متحدہ کے محکمہ اطلاعات کی طرف سے جاری کردہ ایک اخباری بیان میں کہی گئی ہے۔

پریس رلیز کے مطابق، حکومتِ پاکستان نے صوبہٴ خیبر پختون خواہ میں 32000متاثرین کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کے لیے 33ہیلی کاپٹر مہیا کیےہیں، جب کہ بتایا جاتا ہے کہ ایک لاکھ پچاس ہزار افراد نے خیبر پختون خواہ کے مختلف علاقوں میں پناہ لے رکھی ہے جہاں کا زیادہ تر رقبہ سڑکوں، بجلی اور ٹیلی فون کے رابطے سے کٹا ہوا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں سیلاب کے باعث پہلے ہی سخت نقصان پہنچا ہے جب کہ میاں والی، بکھر، لیہ، مظفر گڑھ، ڈی جی خان، راجن پور، رحیم یار خان میں بارشیں جاری ہیں، ساتھ ہی قومی آفات سے نبرد آزما ہونے والے ادارے کا کہنا ہے کہ صوبہٴ پنجاب میں اب تک 47ہلاکتیں واقع ہو چکی ہیں۔ 990گاؤں بری طرح سے متاثر ہوئے ہیں، اور 15000سے زائد گھر یا تو تباہ ہو گئے ہیں یا اُنھیں شدید نقصان پہنچا ہے۔

پنجاب میں، دو لاکھ سے زائد لوگوں کو عارضی طور پر سیلاب زدہ علاقوں سے محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا گیا ہے، جب کہ بلوچستان میں 140اسکولوں کو نقصان پہنچا ہے۔ یونیسیف ، صوبہٴ خیبر پختون خواہ کے پانچ لاکھ لوگوں کو صاف پانی مہیا کر رہی ہے، عالمی ادارہ خوراک نے صوبہٴ خیبر پختون خواہ میں 500میٹرک ٹن غذا مہیا کی ہے۔ عالمی اداہ صحت نے اپنی 28ٹیموں کو فعال کیا ہے جو کہ اب تک 9000بیماروں کو علاج مہیا کر چکی ہیں، اور اب ہیضہ اور اسہال کی بیماریوں میں مبتلا بچوں اور دیگر لوگوں کو ہنگامی نگہداشت مہیا کر چکی ہیں۔ پاکستان بحریہ نےاب تک پنجاب میں 100سے زائد بچاؤ کی کارروائیاں کی ہیں۔

XS
SM
MD
LG