رسائی کے لنکس

فلسطینی رکنیت کے معاملے پر اقوامِ متحدہ کی کمیٹی میں ڈیڈلاک


فلسطینی رکنیت کے معاملے پر اقوامِ متحدہ کی کمیٹی میں ڈیڈلاک
فلسطینی رکنیت کے معاملے پر اقوامِ متحدہ کی کمیٹی میں ڈیڈلاک

اقوامِ متحدہ کی خصوصی کمیٹی کے اراکین فلسطین کو عالمی ادارے کی مکمل رکنیت دینے کے معاملے پر متفق نہیں ہوسکے ہیں۔

عالمی ادارے میں نئے اراکین کی شمولیت کا فیصلہ کرنے والی سلامتی کونسل کی خصوصی کمیٹی کے جمعہ کی صبح منعقد ہونے والے اجلاس میں ایک رپورٹ کی منظوری دی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی فلسطین کو عالمی ادارے کی رکنیت دینے کے معاملے پر 'ڈیڈلاک' کا شکار ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ ذرائع ابلاغ پہلے ہی مذکورہ رپورٹ کا متن حاصل کرچکے تھے اور اس حوالے سے خبریں رواں ہفتے کے آغاز سے ذرائع ابلاغ میں گردش کر رہی تھیں۔

فلسطین کے صدر محمود عباس نے رواں برس ستمبر میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر عالمی ادارے کی رکنیت کی درخواست پیش کی تھی جسے بعد ازاں ضابطے کی کاروائی کے لیے سلامتی کونسل کی خصوصی کمیٹی کے سپرد کردیا گیا تھا۔

تاہم کمیٹی کے حالیہ فیصلہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ فلسطینی حکام درخواست کی منظوری کے لیے درکار کمیٹی کے 15 ارکان میں سے کم از کم نو کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

یہاں یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ اگر کمیٹی فلسطینی درخواست کی منظوری دے بھی دے تب بھی امریکہ پہلے ہی خبردار کرچکا ہے کہ وہ سلامتی کونسل کے سامنے پیش ہونے پر مذکورہ درخواست کو 'ویٹو' کردے گا۔

امریکہ اور دیگر عالمی طاقتیں فلسطینیوں پر زور دے رہے ہیں کہ وہ عالمی ادارے کی رکنیت حاصل کرنے کی کوششوں کے بجائے اسرائیل کےساتھ براہِ راست مذاکرات شروع کریں جو گزشتہ ایک برس سے تعطل کا شکار ہیں۔

فلسطینی حکام یہ واضح کرچکے ہیں کہ اسرائیل کے ساتھ اس وقت تک کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے جب تک اسرائیلی حکومت فلسطینی مقبوضات پر صیہونی بستیوں کی تعمیر نہیں روک دیتی۔

دریں اثنا اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے تعلیم، سائنس و ثقافت (یونیسکو) نے کہا ہے کہ فلسطین کو رکنیت دینے کی پاداش میں امریکہ کی جانب سے ایجنسی کے فنڈز معطل کیے جانے کے بعد ادارے کو اپنے نئے منصوبوں پر عمل درآمد روکنا پڑگیا ہے۔

'یونیسکو' کی ڈائریکٹر جنرل ارینا بوکووا نے کہا ہے کہ امریکہ کے اس اقدام سے ایجنسی کے رواں برس کے بجٹ میں ساڑھے چھ کروڑ ڈالر سے زائد کا خلا پیدا ہوگیا ہے۔

فلسطینی حکام نے اکتوبر میں اعلان کیا تھا کہ وہ اقوامِ متحدہ کے ذیلی اداروں کی بھی رکنیت حاصل کرنے کی کوششیں کریں گے تاکہ فلسطین کو عالمی ادارے کی مکمل رکنیت دلانے کی کوششوں کو جواز فراہم کیا جاسکے۔

'یونیسکو' فلسطین کو مکمل رکنیت دینے والی اقوامِ متحدہ کی پہلی ایجنسی ہے۔ ایجنسی کے 193 ارکان نے 31 اکتوبر کو ہونے والی رائے شماری کے دوران فلسطین کو رکنیت دینے کی درخواست دو تہائی اکثریت سے منظور کرلی تھی۔

XS
SM
MD
LG