رسائی کے لنکس

طالبان کے نئے حملوں کے اعلان پر سلامتی کونسل کی تنقید


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے افغان طالبان کی طرف سے غیر ملکی افواج پر نئے حملوں کے اعلان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی وجہ سے افغان عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو گا اور یہ حملے افغانستان کی مزید بربادی کا سبب بنیں گے۔

افغان طالبان نے گزشتہ ہفتے افغان فوج، نیٹو اور امریکی فورسز کے خلاف موسمِ بہار کے آغاز کے ساتھ ہی حملوں کا نیا سلسلہ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں بات چیت کے متعدد دور ہو چکے ہیں اور رواں ہفتے افغانستان کے ایک کثیر الفریقی وفد اور طالبان کے نمائندوں کے درمیان بات چیت کا نیا دور متوقع ہے۔

سلامتی کونسل نے منگل کو جاری ایک بیان میں افغانستان کے تنازع کے تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ ان رابطوں کا فائدہ اٹھا کر تمام افغانوں کے درمیان ایسے مذاکرات شروع کریں جس کے نتیجے میں افغان تنازع کا سیاسی حل سامنے آ سکے۔

طالبان کی طرف سے عسکری مہم شروع کرنے کے اعلان کے بعد طالبان نے گزشتہ ہفتے شمالی شہر قندوز پر حملے کیے تھے۔

لیکن سلامتی کونسل نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ مزید لڑائی افغانستان میں پائیدار امن کے حصول کے لیے کسی طور سود مند نہیں ہے۔

طالبان کے ساتھ بات چیت میں امریکی وفد کی قیادت کرنے والے سفیر زلمے خلیل زاد نے بھی کہا ہے کہ وہ بین الاقوامی برادری کے ساتھ یک زبان ہو کر طالبان کی طرف سے موسم بہار میں حملوں کے اعلان کی مذمت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

خلیل زاد نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ "اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا بیان اس بات کا مظہر ہے کہ جنگ اور تشدد کو ختم کرنے کا وقت بہت پہلے گزر چکا ہے۔ اب جنگ بندی کر کے بات چیت شروع کرنے کا وقت ہے۔"

امریکی ایلچی نے کہا ہے کہ جو فریق ان مقاصد کی مخالفت کرے گا وہ تاریخ کی غلط سمت میں ہو گا۔

افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد متعدد بار طالبان سے اپیل کر چکے ہیں کہ وہ جنگ بند کر دیں اور افغان حکومت سے بھی مذاکرات کریں۔ لیکن طالبان کا موقف یہ رہا ہے کہ افغان حکومت امریکہ کی کٹھ پتلی ہے جس سے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔

XS
SM
MD
LG