رسائی کے لنکس

امریکہ کی شمالی کوریا کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فراہمی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کی طرف سے 2011 کے بعد پہلی بار شمالی کوریا کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کی گئی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے بدھ کو کہا ہے کہ امریکہ نے شمالی کوریا کو 10 لاکھ ڈالر کی انسانی بہبود کے لیے امداد فراہم کی ہے۔

شمالی کوریا اور واشنگٹن کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باوجود امریکہ نے یہ امداد گزشتہ ہفتے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری سے قبل بھیجی۔

امریکہ کی طرف سے 2011ء کے بعد پہلی بار شمالی کوریا کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کی گئی ہے۔ 2011ء میں امریکہ نے شمالی کوریا کے سیلاب زدگان کے لیے امدادی اشیاء بشمول طبی سامان بھیجا تھا، اس وقت دی جانے والے امداد نو لاکھ ڈالر کے برابر تھی اور یہ امریکہ میں قائم ایک امدادی تنظیم 'سمارٹیئنز پرس' کی طرف سے فراہم کی گئی تھی۔

حالیہ امداد گزشتہ سال اگست میں شمالی کوریا میں آنے والے 'لائن راک' نامی سمندری طوفان سے متاثرین کے لیے فراہم کی گئی ہے۔

سمندری طوفان کے بعد شمالی کوریا کی حکومت کا کہنا تھا کہ اس میں سینکڑوں افراد ہلاک یا لاپتا ہو گئے اور ہزاروں گھروں کو نقصان پہنچا۔

اس وقت بین الاقوامی امدادی تنظمیوں نے شمالی کوریا کو فوری طور پر امداد فراہم کی تھی۔ امریکہ کے سبکدوش ہونے والے وزیر خارجہ جان کیری نے 10 لاکھ ڈالر کی یہ امداد اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال کو گزشتہ ہفتے صدرٹرمپ کے صدرات کے منصب پر فائز ہونے سے پہلے دی تھی۔

امریکہ کے محکمہ خارجہ نے وائس آف امریکہ کو بھیجی گئی ایک ای میل میں اس امداد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ انسانی بنیادوں پر دی جانے والی امداد ہے۔

تاہم ایک ترجمان نے مزید کہا کہ امریکی عہدیدار "گزشتہ انتظامیہ کی طرف سے آخری لمحوں میں منظور کیے جانے والے اخراجات کا جائزہ لے رہے ہیں۔"

امریکہ کی طرف سے شمالی کوریا کو امداد فراہم کرنے کی خبر واشنگٹن اور سیئول میں بعض عہدیداروں کے لیے حیران کن ہے، شمالی کوریا کی طرف سے گزشتہ سال کیےجانے والے کئی جوہری اور میزائل تجربات کے بعد دونوں ملکوں نے پیانگ یانگ پر دباؤ میں اضافہ کر دیا تھا۔

کانگرس کی ریسرچ سروس کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ نے شمالی کوریا کو 1995ء اور 2008ء کے دوران ایک ارب تیس کروڑ ڈالر سے زائد کی امداد فراہم کی، جو زیادہ تر غذائی امداد اور توانائی کی ضروریات پوری کرنے کی مد میں دی گئی تھی جب کہ 2009ء کے اوائل سے امریکہ نے شمالی کوریا کے لیے ہر قسم کی انسانی بہبود کی امداد کو روک دی تھی۔

فروری 2012 میں واشنگٹن نے پیانگ یانگ کے ساتھ " لیپ ڈے" نامی سمجھوتہ کیا تھا جس کے تحت امریکہ نے اس شرط پر شمالی کوریا کو بڑے پیمانے پر خوراک کی اشیاء کے لیے امداد فراہم کرنے پر اتفاق کیا تھا کہ شمالی کوریا مزید جوہری ہتھیاروں کے تجربات نہیں کرے گا۔

تاہم یہ معاہدہ تین ہفتوں کے بعد ہی اس وقت ختم کر دیا گیا جب شمالی کوریا نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے راکٹ فائر کیے۔

XS
SM
MD
LG