رسائی کے لنکس

شہزاد رائے اقوامِ متحدہ کے خیرسگالی کے قومی سفیر مقرر


فائل فوٹو
فائل فوٹو

شہزاد رائے اگلے دو برسوں تک اقوامِ متحدہ کے سفیر برائے خیر سگالی کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔

اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے منشیات اور جرائم (یو این او ڈی سی) نے مشہور پاکستانی گلوکار شہزاد رائے کو خیر سگالی کا قومی سفیر مقرر کیا ہے۔

اقوامِ متحدہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہزاد رائے کو خیر سگالی سفیر مقرر کرنے کا مقصد نوجوانوں میں منشیات کے خلاف شعور اجاگر کرنا، منشیات کی طلب میں کمی کے لیے مدد، منشیات سے بچاؤ اور منشیات کی عادت ختم کرنے کے لیے علاج کی ضرورت پر زور دینا ہے۔

یو این او ڈی سی کے ڈائریکٹر یوری فیتیدوف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہزاد رائے نے ہمیشہ بطور گلوکار اور سماجی کارکن منشیات کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔ شہزاد رائے کی نوجوانوں میں مقبولیت، ان کی توانائی اور ٹیلنٹ منشیات کے خلاف نوجوانوں میں شعور پیدا کرنے میں مدد دے گا۔

شہزاد رائے نے خیرسگالی کا سفیر بننے کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے، "میں سفیر بننے سے پہلے بھی یو این او ڈی سی کی سرگرمیوں سے آگاہ تھا۔ کرمنل جسٹس، منشیات کی طلب میں کمی کی کوشش اور ایچ آئی وی ایڈز سے بچاؤ کے لیے یو این او ڈی سی کی کوششیں قابلِ تعریف ہیں۔ میں پاکستان کے لیے خیرسگالی کے سفیر کے طور پر بھرپور انداز میں اپنا کردار ادا کروں گا۔"

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بچوں کو جرائم میں ملوث ہوتے اور منشیات کے ذریعے نوجوانوں کو اپنی زندگیاں خراب کرتے دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے۔ اگر بحیثیت سفیر خیرسگالی میں ایک بچے یا ایک نوجوان کی بھی مدد کرنے میں کامیاب ہوگیا تو خود کو کامیاب تصور کروں گا۔

شہزاد رائے سماجی کاموں اور ملک میں تعلیم عام کرنے میں پیش پیش رہے ہیں۔ انہوں نے ایک غیر سرکاری تنظیم ’زندگی ٹرسٹ‘ قائم کیا ہوا ہے جو پچھلے کئی برسوں سے انسانی فلاح و بہبود کے کاموں میں مصروفِ عمل ہے۔

انہوں نے 8 اکتوبر 2005ء کے زلزلے کے بعد امداد اور بحالی کے کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔ انہی خدمات کے عوض انہیں حکومتِ پاکستان کی جانب سے ’ستارۂ امتیاز‘ سے نوازا گیا تھا۔ اس سے اگلے ہی سال انہیں ’ستارۂ ایثار ‘دیا گیا تھا۔

شہزاد رائے اگلے دو برسوں تک اقوامِ متحدہ کے سفیر برائے خیر سگالی کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔

XS
SM
MD
LG