رسائی کے لنکس

آئندہ تین مہینے میں ریلیز ہونے والی 13فلمیں


اس سہ ماہی میں بھی کئی ایسی فلمیں ہیں جن کے چرچے ابھی سے شروع ہوگئے ہیں اور لوگوں کو بے تابی سے ان کا انتظار ہے

کراچی ۔۔۔۔ سال 2013کی آخری سہ ماہی شروع ہونے والی ہے جبکہ سال کا ایک بڑا حصہ گزر چکا ہے جس میں کئی ایسی فلمیں ریلیز ہوئیں جو باکس آفس پر ’کھڑکی توڑ‘ بزنس کرنے میں کامیاب رہیں۔

اِن میں سے بیشتر فلمیں ’روایتی مصالحہ فلمیں‘ ثابت ہوئیں تو کچھ فلمیں مثلا ’ستیہ گرہ‘ اور ’زنجیر‘ کے بارے میں فلمی پنڈت کی پیشگوئیاں تک ناکام ہوگئیں۔۔۔لیکن، کامیابی ملی تو غیر روایتی کہانیوں کو۔ مثلاً، ’شدھ دیسی رومینس‘ اور ’بھاگ ملکھا بھاگ‘۔


آئیے اب کچھ باتیں ہو جائیں جمعہ 20ستمبر سے 27دسمبر تک ریلیز ہونے والی فلموں کی جن کے بارے میں بھارتی میگزین ’انڈیا ٹوڈے‘ کا کہنا ہے کہ اس سہ ماہی میں بھی کئی ایسی فلمیں ہیں جن کے چرچے ابھی سے شروع ہوگئے ہیں اور لوگوں کو بے تابی سے ان کا انتظار ہے مثال کے طور پر بیس ستمبر کور یلیز ہونے والی فلم ۔۔۔

پھٹا پوسٹرنکلا ہیرو

فلم کا انوکھا نام پڑھ ہی یقیناً آپ مسکرائیں ہوں گے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ٹائٹیل آج کل کے لحاظ سے ’فٹ ‘ ہے۔ شاہد کپور اور الینا ڈی کروز ’پھٹا پوسٹر نکلا ہیرو‘ کی کاسٹ میں نمایاں ہیں۔کافی دنوں بعد شاہد کپوراس فلم کے ذریعے سلور اسکرین پر ’ان‘ ہوں گے۔ انہیں فلم کی کامیابی کی بہت امید ہے اور ہماری بھی نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔

بے شرم

کروڑوں دلوں کی دھڑکن رنبیرکپور جو حال ہی میں ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ جیسی میگا ہٹ فلم دے چکے ہیں ،ایک بارپھر پردہ سیمیں پر جادو جگائیں گے مگر۔۔۔ ’بے شرم‘ بن کر۔ چاکلیٹی ہیرو رنبیر اور پلوی شردھا کی اس فلم کو ڈائریکٹ کیا ہے ابھی نو کرشیپ نے۔ فلم 2اکتوبر کو ریلیز ہوگئی۔

باس

کھلاڑی فیم اکشے کمار کی باکس آفس ویلیو ختم نہیں ہوئی ہے اور اب بھی ان کی فلمیں اچھا بزنس کرتی ہیں۔ اکشے کمار،ادیتی رائے حیدری اور متھن چکرورتی کی نئی فلم ’باس‘ 16اکتوبر کو ریلیز ہونے جارہی ہے۔

راگنی ایم ایم ایس ٹو

رومینٹک، تھرلر اور ہاررتھری ڈی مووی ’راگنی ایم ایم ایس2‘ اکتوبر کے آخری ہفتے کی25 تاریخ کو ’جلوہ افروز‘ ہو گی۔ ’راگنی ایم ایم ایس ٹو‘ میں مرکزی کردار ادا کیا ہے سنی لیون نے۔یقینا ان کا نام سن کر ہی آپ سمجھ گئے ہوں گے کہ فلم بھرپور ’مصالحے‘ کے ساتھ بنی ہے۔

رام لیلا

ڈائریکٹر سنجے لیلا بنسالی کی فلم ’رام لیلا‘ کے بارے میں ’ہٹ‘ ہونے کی ابھی سے پیش گوئی کی جارہی ہے جس کی ایک بڑی وجہ فلم کی کاسٹ میں موجود ر دپیکا پڈکون ہیں ۔ نئی فلم میں وہ اور رنویر سنگھ بالی وڈ کی ایک نئی رومینٹک جوڑی کے طور پر سامنے آئیں گے۔ فلم کی ریلیز کی تاریخ ہے 15نومبر۔

کرش تھری

رہیتک روشن کی بلاک بسٹر فلم ’کرش‘ کے سیکوئل ’کرش3‘ کا سب لوگوں کو بے چینی سے انتظارہے ۔’کرش 3‘میں ان کی ہیروئن ہوں گی پریانکا چوپڑہ اور فلم کی نمائش کی تاریخ ہے 4نومبر۔

گوری تیرے پیارمیں

عمران خان اورکرینہ کپور کی فلم ’گوری تیرے پیار میں‘22 نومبر کو ریلیز ہوگی۔فلم رومینٹک کامیڈی لئے ہوئے ہے۔

سنگھ صاحب دی گریٹ

سنی دیول کی نئی فلم کا نام ہے’سنگھ صاحب دی گریٹ‘۔ ۔ فلم میں سنی کی ہیروئن ہیں امرتاراوٴ۔’سنگھ صاحب۔۔۔‘بھی 22نومبرکو ہی ریلیز ہوگی۔

بلٹ راجہ

بلٹ راجہ گینگسٹر تھرلر ہے جس میں سیف علی خان اور سوناکشی سنہا نے لیڈ رول ادا کئے ہیں۔ فلم نومبر کی 29 تاریخ کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

ریمبو راج کمار

کوریو گرافر پربھو دیواکی ڈائریکٹ کردہ فلم ’ریمبوراج کمار‘ کی کاسٹ میں شامل ہیں شاہد کپور اور سوناکشی سنہا۔ فلم دسمبر کی 6تاریخ کو ریلیز ہوگی۔

ہائی وے

امتیاز علی کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم ’ہائی وے‘دراصل رومینٹک ڈرامہ ہے۔فلم کی ہیروئن ہیں عالیہ بھٹ جبکہ ہیرو رندیپ ہودا ہیں۔

دھوم 3
دھوم 3‘ وہ فلم ہے جس کی ریلیز کا سب سے زیادہ انتظارکیا جارہا ہے۔ اس فلم کا آخری سین 14ستمبر کو فلم بند ہوا۔فلم کے انتظار کی سب سے بڑی وجہ بالی وڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان ہیں جو اس فلم میں مختلف روپ میں دکھائی دیں گے جبکہ باقی کاسٹ میں شامل ہیں ابھیشک بچن، کترینہ کیف اور اودے چوپڑہ۔دھوم 3کی ریلیز ڈیٹ ہے 20 دسمبر۔

گلاب گینگ

بالی وڈ کی دھک دھک گرل مادھوری ڈکشت ’گلاب گینگ‘میں ایک نئے اوتار کے روپ میں نظر آئیں گی جو ان کی پچھلی فلموں سے بالکل ہٹ کر ہے۔عورتوں کے مسائل پر بنائی گئی ’گلاب گینگ‘ کے لیڈ رولز میں ایک اور بڑا نام شامل ہے اور وہ ہیں۔۔ جوہی چاولہ۔ فلم کی ریلیز کی حتمی تاریخ کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا لیکن غالب امکان یہی ہے کہ فلم دسمبر کے آخری ہفتے میں ریلیز ہوسکتی ہے۔
XS
SM
MD
LG