رسائی کے لنکس

امریکہ: تین خواتین کا اغوا کار جیل میں مردہ پایا گیا


کاسترو پیشی کے دوران (فائل فوٹو)
کاسترو پیشی کے دوران (فائل فوٹو)

کاسترو ایک اسکول کا بس ڈرائیور تھا اور اسے مئی میں اس وقت گرفتار کیا گیا جب ایک خاتون اس کی قید سے فرار ہوکر پڑوسیوں کے پاس مدد کے لیے پہنچی۔

امریکہ کی ریاست اوہائیو میں حکام نے بتایا ہے کہ ایک دہائی سے زائد تین خواتین کو حبس بے جا میں رکھنے والا شخص جیل میں مردہ پایا گیا۔

اریئل کاسترو منگل کو رات دیر گئے جیل میں اپنے کوٹھڑی میں پھندے سے جھولتا ہوا پایا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ 53 سالہ کاسترو کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔

کاسترو ایک اسکول کا بس ڈرائیور تھا اور اسے مئی میں اس وقت گرفتار کیا گیا جب ایک خاتون اس کی قید سے فرار ہوکر پڑوسیوں کے پاس مدد کے لیے پہنچی۔ اس شخص نے 2002ء اور 2004ء میں تین خواتین کو مختلف مقامات سے اغوا کیا اور پھر انھیں اس دوران جنسی زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔ ان میں سے ایک خاتون امانڈا بیری نے کاسترو کی ایک بیٹی کو بھی جنم دیا۔

کاسترو پر گزشتہ ماہ 900 سے جرائم بشمول اغوا اور جنسی زیادتی کا قصوروار قرار دیا گیا تھا۔ ان الزامات میں ماں کے پیٹ ہی میں بچے کا قتل بھی شامل ہے۔ اس نے اپنی قید میں ایک حاملہ خاتون کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

کاسترو کو عمر قید کی سزا کاٹ رہا تھا جس میں اُس کی ’پرول‘ پر رہائی کے امکانات نہیں تھے۔
XS
SM
MD
LG