رسائی کے لنکس

امریکہ میں بالغ افراد میں سگریٹ نوشی کی شرح میں ریکارڈ کمی


اے پی۔ فائل فوٹو
اے پی۔ فائل فوٹو

جمعرات کو جاری کیے گئے سرکاری سروے کے اعداد و شمار کے مطابق، امریکہ میں سگریٹ نوشی کی شرح گزشتہ سال ایک بار پھر کم ترین سطح پر آگئی۔ 9 بالغوں میں سے ایک نے کہا کہ وہ سگریٹ نوشی کرتے ہیں۔ دریں اثنا، 17 بالغوں میں سے 1 الیکٹرانک سگریٹ کا استعمال کر رہے ہیں

بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے مراکز نے 27000 سے زیادہ بالغوں کے سروے کے جوابات پر یہ ابتدائی نتائج مرتب کیے ہیں۔

سگریٹ نوشی سے پھیپھڑوں کے کینسر، دل کی بیماری اور فالج کا خطرہ رہتا ہے، اور طویل عرصے سے یہ ایسی موت کا سبب بن رہی ہے،جسے روکا بھی جا سکتا تھا۔

1960 کی دہائی کے وسط میں، 42 فیصد بالغ امریکی ،سگریٹ نوشی کرتے تھے لیکن یہ شرح گزشتہ کئی عشروں سے بتدریج گر رہی ہے ۔سگریٹوں پر ٹیکس، تمباکو کی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے، تمباکو نوشی پر پابندی اور عوام میں اس کے نقصانات سے آگہی اس میں کمی کی بڑی وجہ ہے۔

جکارتہ میں ایک دکاندار پن نما آلے جول کے ذریعے تمباکو نوشی کا طریقہ بتا رہا ہے۔ 30 دسمبر 2023
جکارتہ میں ایک دکاندار پن نما آلے جول کے ذریعے تمباکو نوشی کا طریقہ بتا رہا ہے۔ 30 دسمبر 2023

پچھلے سال، تمباکو نوشی کرنے والوں کا تناسب تقریباً 11 فی صد تک گر گیا، جو 2020 اور 2021 میں تقریباً 12.5فی صد سے کم ہو گیا۔ سروے کے نتائج میں بعض اوقات مزید تجزیے کے بعد نظر ثانی کی جاتی ہے، اور CDC کی جانب سے جلد ہی 2021 کا حتمی ڈیٹا جاری کیے جانے کی توقع ہے۔

سروے کے اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ سال ای سگریٹ کا استعمال تقریباً 6 فیصد تک بڑھ گیا تھا، جو ایک سال پہلے تقریباً 4.5 فیصد تھا۔

کولوراڈو سکول آف پبلک ہیلتھ کے ڈین ڈاکٹر جوناتھن سامیٹ کو ای سگریٹ کے استعمال میں اضافے پر تشویش ہے۔ امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے مطابق، نکوٹین کی لت کے بھی صحت پر مضمرات ہوتے ہیں، جن میں ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ اور شریانوں کا تنگ ہونا شامل ہے۔

کم مقدار میں نکوٹین رکھنے والے سگریٹ۔ 17 دسمبر 2019
کم مقدار میں نکوٹین رکھنے والے سگریٹ۔ 17 دسمبر 2019

تقریباً چار دہائیوں سے تمباکو نوشی اور صحت سے متعلق امریکی سرجن جنرل رپورٹس کے مصنف ،جوناتھن سامیٹ کا کہنا تھا کہ ،تمباکو نوشی کی شرح تو نیچے کی طرف جاتی رہے گی، لیکن کیا الیکٹرانک مصنوعات میں اضافے کے سبب ،نکوٹین کی لت میں کمی آئے گی، یہ واضح نہیں ہے۔

نوعمروں کے لیے سگریٹ نوشی اور VAPING کی شرح بالکل متضاد ہے۔ سی ڈی سی کے اعداد و شمار کے مطابق، ہائی اسکول کے صرف 2 فیصد طلباء پچھلے سال روایتی سگریٹ پی رہے تھے، لیکن تقریباً 14 فیصد ای سگریٹ استعمال کر رہے تھے۔

(اس رپورٹ کے لیے مواد اے پی سے لیا گیا ہے)

XS
SM
MD
LG