رسائی کے لنکس

افغان خواتین کےلیے اسکالرشپ کے بڑے پراجیکٹ کا آغاز


فائل
فائل

کابل میں امریکی سفارت خانے کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ، ’پروموٹ اسکالرشپ پروگرام‘ کے لیے رقوم بین الاقوامی ترقیات کا امریکی ادارہ (یو ایس ایڈ) فراہم کرے گا، جس سے آئندہ پانچ برس کے دوران 720 افغان بچیوں کو اسکالرشپ دی جائیں گی

افغانستان میں امریکی سفارت خانے نے بدھ کے روز افغان خواتین کے لیے مواقع کی فراہمی میں اضافے میں مدد دینےکے لیے، سب سے بڑا تعلیمی پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سفارت خانے کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ، ’پروموٹ اسکالرشپ پروگرام‘ کے لیے رقوم بین الاقوامی ترقیات کا امریکی ادارہ (یو ایس ایڈ) فراہم کرے گا، جس سے آئندہ پانچ برس کے دوران 720 افغان بچیوں کو اسکالرشپ دی جائیں گی۔

کابل میں ’ایشیا فاؤنڈیشن‘ کے ایک اہل کار کے مطابق، جو اس پروجیکٹ پر عمل درآمد کا ذمہ دار ہے، کہا ہے کہ اِس پروگرام کے تحت اُن لڑکیوں کو جو افغانستان کی نجی یونیورسٹیوں سے بیچلر کی ڈگری مکمل کریں گی، 720 اسکالرشپ فراہم کی جائیں گی۔ ماسٹرز ڈگری کی اضافی 180 اسکالرشپس اُن طالبات کو دی جائیں گی جو علاقائی ملکوں میں تعلیم حاصل کریں گی، خصوصی طور پر بھارتی یونیورسٹیوں میں۔

امریکی ناظم الامور، مائیکل رینور نے بتایا ہے کہ ’’(اس پروگرام سے) ہمیں یہ امید اور موقع میسر آیا ہے کہ ذاتی قابلیت بڑھانے میں مدد کا ایک موقع فراہم کیا جائے تاکہ افغان خواتین ترقی کی جانب گامزن ہوں‘‘۔ مائیکل رینور اور افغانستان کے چیف اگزیکٹو افسر، عبداللہ عبداللہ نے دیگر اعلیٰ افغان اہل کاروں کے ہمراہ اس پروگرام کا افتتاح کیا۔

یہ اسکالرشپ ایسی طالبات کے لیے ہیں جو تعلیمی میدان میں بہتر کارکردگی کی حامل ہیں اور جنھیں یونیورسٹی کی اعلیٰ تعلیم جاری رکھنے کی استعداد نہیں، چونکہ اُن کے پاس درکار رقوم ناکافی ہیں۔ جن باصلاحیت طالبات کو یہ موقع میسر آئے گا، اُس کے نتیجے میں ایک ایسا ماحول پیدا ہوگا جس سے ملک میں خواتین کو بااختیار بنانے میں مدد ملے گی۔

عبداللہ کے بقول ’’وقت آگیا ہے کہ فراخدلی اور قربانی کے اقدام پر ہم امریکہ کا شکریہ ادا کریں، جنھوں نے افغانستان کے شہریوں کے لیے یہ ممکن بنایا کہ وہ آئندہ نسلوں کے مستقبل کو تابناک بنانے کی راہ ہموار کر سکیں‘‘۔

کئی ایک رکاوٹوں کے باوجود، جیسا کہ صحت کی دیکھ بھال، معاشی اور سیاسی مواقع میں عدم مساوات کے باوجود، افغان خواتین نے گذشتہ 14 برسون کے دوران شاندار ترقی کی ہے۔

یو ایس ایڈ اور بین الاقوامی برادری کی جانب سے فراہم کردہ اعانت کے علاوہ، موجودہ افغان حکومت افغان خواتین کے لیے بڑی سطح کے سیاسی مواقع فراہم کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔

یو ایس ایڈ کی تاریخ میں، ’پروموٹ پروگرام‘ خواتین کو بااختیار بنانے کا سب سے بڑا پروگرام ہے، جس کا آغاز نومبر 2014ء میں کیا گیا تھا، جس کا مقصد افغان خواتین کو بہتر مواقع میسر کرنا ہےم تاکہ وہ سیاسی، نجی شعبے اور سول سوسائٹی کی قائدین بن کر ابھریں‘‘۔

سنہ 2002 سے، یو ایس ایڈ نے افغانستان کے لیے سب سے بڑا باہمی شہری اعانت کا پروگرام فراہم کیا۔ امریکی محکمہٴ خارجہ نے افغان مرد اور خواتین کے لیے سینکڑوں تعلمی اسکالرشپ فراہم کی ہیں، جس میں امریکی یورنیوسٹیوں میں نامور فلبرائیٹ اور ہمفرے فیلوشپ پروگرام شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG