رسائی کے لنکس

ایڈز کے خلاف نئی قومی حکمتِ عملی کا اعلان


ایڈز کے خلاف نئی قومی حکمتِ عملی کا اعلان
ایڈز کے خلاف نئی قومی حکمتِ عملی کا اعلان

امریکی صدربراک اوباما نے نئی قومی حکمتِ عملی کا اعلان کیا ہے جِس کا مقصد ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کا انسداد کرنا ہے، جِس کا وائرس ایڈز کی بیماری کا سبب بنتا ہے۔

وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ایک تقریب میں مسٹر اوباما نے اِس نئی پیش رفت کے اہداف کی نشاندہی کی، جِس کا مقصداگلے پانچ برسوں کے اندر اندر امریکہ میں ایچ آئی وی کی نئی انفیکشنز میں25فی صد کمی لانا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ اِس حکمتِ عملی کے ذریعے ٹیسٹوں میں اضافے، تعلیم اور بچاؤ کی ادویات کا فروغ، ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کا فوری علاج و دیکھ بھال، اور اُن کمیونٹیز میں بیماری کے خلاف اقدامات کرنا شامل ہے جہاں امداد کی زیادہ ضرورت ہے۔

ہم جنس پرست اور دو جنسی لوگوں کے علاوہ افریقی نژاد امریکیوں کے لیے خیال کیا جاتا ہے کہ یہ آبادی کا وہ حصہ ہے جو بیماری کا زیادہ شکار ہوتا ہے۔

عہدے داروں کا کہنا ہے کہ نئی حکمتِ عملی پر تین کروڑ ڈالر خرچ آئیں گے جِسے ہیلتھ کیئر کی اصلاحات میں سے فنڈمہیا کیا جائے گا، جسے گذشتہ سال صدر اوباما نے دستخط کرکے قانون کی حیثیت دے دی تھی۔

امریکی حکومت کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایچ آئی وی سے متاثرہ 85فی صد ایسے امریکی جِن میں وائرس تشخیص ہو چکا ہے اُنھیں تین مہینے کے اندر اندر علاج حاصل ہوجانا چاہیئے، جو کہ اِس وقت 65فی صد ہے۔

11لاکھ سے زائد امریکی اِس وقت ایچ آئی وی کا شکار ہیں، جب کہ ہر سال 56000نئے مریضوں کا اضافہ ہو رہا ہے۔ لیکن حکومت کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ پانچ میں سے ایک امریکی کو پتا نہیں ہوتا کہ وہ ایچ آئی وی کے مرض میں مبتلا ہے۔

منگل کے روز امریکی صحت اور فلاحی خدمات کی وزیر کیتھلین سبیلئس نے کہا کہ نئی حکمتِ عملی کا مقصد یہ ہے کہ امریکہ ایک ایسا ملک بن جائے جہاں ایچ آئی وی کا مرض کم سے کم ہو اور جہاں علاج کوئی بد نما داغ بنے بغیر اور بغیر کسی تفریق کے میسر ہو۔

XS
SM
MD
LG