رسائی کے لنکس

راکٹ حملہ، تل ابیب کے لیے امریکی، یورپی پروازیں منسوخ


اسرائیل کے دوسرے بڑے شہر تل ابیب کے ہوائی اڈے کے نزدیک 'حماس' کے راکٹ حملے کے بعد امریکہ سمیت کئی ممالک کی ایئرلائنز نے تل ابیب کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کردی ہیں۔

امریکہ اور یورپ کی کئی ایئر لائنز نے اسرائیل کے دوسرے بڑے شہر تل ابیب پر 'حماس' کے راکٹ حملے کے بعد اسرائیل کے بین الاقومی ہوائی اڈے کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کردی ہیں۔

منگل کو 'حماس' کی جانب سے غزہ سے فائر کیا جانے والا راکٹ تل ابیب کے 'بن گوریان ایئرپورٹ' سے تقریباً 1.6 کلومیٹر دور گرا تھا۔

ابتدا میں امریکہ نے کہا تھا کہ اس کی طرف سے کوئی امتناع جاری نہیں ہوا، لیکن پھر 'فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن' نے 24 گھنٹوں کے لیے امریکی پروازوں پر پابندی کا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ صورت حال کا مشاہدہ کرتی رہے گی۔

ڈیلٹا ایئرلائنز نے بتایا کہ وہ تل ابیب کے لیے اپنی پروازیں غیر معینہ مدت کے لیے بند کر رہی ہے۔ اس حملے کی اطلاع کے بعد، ایئر لائن نے نیو یارک سے تل ابیب کی اپنی پرواز کو پیرس کی طرف منتقل کردیا۔

’یو ایس ایئرویز‘ نے، جو فلاڈیلفیا اور پینسلوانیا سے تل ابیب پروازیں چلاتی ہے، منگل کی پروازیں منسوخ کردیں، جب کہ یونائٹیڈ ایئرلائنز نے نیوآرک، نیوجرسی سے تل ابیب کی فلائیٹ کو غیرمعینہ مدت کے لیے منسوخ کردیا ہے۔

جرمنی کی 'لفتھانسا' اور 'ایئر برلن' اور فرانس کی 'ایئر فرانس' سمیت کئی یورپی ایئر لائنز نے بھی تل ابیب کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کردی ہیں۔

اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ حماس کے اس راکیٹ حملے سے اسرائیل کے ایک گھر کو نقصان پہنچا اور ایک شخص معمولی زخمی ہوا۔

XS
SM
MD
LG