رسائی کے لنکس

امریکی فضائی کارروائی مبینہ طور پر 8 افغان پولیس کی موت کا سبب بنی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پولیس اہلکار صوبہ اورزگان کے دارالحکومت ترین کوٹ کے قریب ایک مرکزی شاہراہ پر واقع ایک سکیورٹی چوکی پر تعینات تھے کہ وہ اتوار کو فضائی کارروائی کا نشانہ بنے۔

افغانستان میں حکام نے کہا ہے کہ ملک کے ایک وسطی صوبے میں امریکی فضائی کارروائی مبینہ طور پر کم ازکم آٹھ افغان پولیس اہلکاروں کی موت کا سبب بنی۔

افغان عہدیداروں کے مطابق پولیس اہلکار صوبہ اورزگان کے دارالحکومت ترین کوٹ کے قریب ایک مرکزی شاہراہ پر واقع ایک سکیورٹی چوکی پر تعینات تھے کہ وہ اتوار کو فضائی کارروائی کا نشانہ بنے۔

اطلاعات کے مطابق پہلی فضائی کارروائی میں ایک اہلکار مارا گیا اور جیسے ہی مزید پولیس اہلکار اُس چوکی پر پہنچے تو دوسری فضائی کارروائی کر دی گئی۔

افغان پولیس کی طرف سے اس حملے کی مذمت کی گئی۔

دوسری طرف امریکی فوج کے ایک ترجمان نے اتوار کو ترین کوٹ کے علاقے میں ایک فضائی کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس میں ان "افراد" کو نشانہ بنایا گیا جو افغان نیشنل ڈیفنس اور سکیورٹی ( اے این ڈی ایس ) فورسز پر فائرنگ کر رہے تھے۔

ترین کوٹ کا شمار افغانستان کے ان شہروں میں ہوتا ہے جنہیں حالیہ کچھ عرصے میں طالبان کے شدید حملوں کا سامنا رہا ہے۔

رواں ماہ طالبان اس شہر میں داخل ہو گئے تھے تاہم جب افغان فورسز کی اضافہ کمک علاقے میں پہنچی تو اُس نے امریکی فضائیہ کی مدد سے جوابی کارروائی کر کے طالبان جنگجوؤں کا علاقے سے باہر دھکیل دیا۔

امریکہ کے صدر براک اوباما نے جون میں امریکی فوج کو اس بات کی اجازت دی تھی کہ وہ افغان فورسز کو درکار مدد کی صورت میں انھیں زمینی اور فضائی فورسز کی مدد فراہم کر سکتی ہیں تاکہ اہم شہری علاقوں پر طالبان کے قبضے کو روکا جا سکے۔

فضائی حملوں میں عام شہریوں کے جانی نقصان اور بعض اوقات غلطی سے افغان فورسز کے نشانہ بننے کی وجہ سے کابل اور واشنگٹن کے تعلقات میں تناؤ بھی آیا۔

XS
SM
MD
LG