رسائی کے لنکس

امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی وزیر اعظم عباسی سے ملاقات 


پاکستان میں تعینات امریکہ کے سفیر ڈیو ہیل نے جمعرات کو پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی۔

سرکاری بیان کے مطابق پاکستانی وزیر اعظم نے امریکی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکہ کو اہم شراکت سمجھتا ہے اور وہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو مزید تقویت دینے کے متمنی ہیں۔

امریکی سفیر نے شاہد خاقان عباسی کو پاکستان کی وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنھبالنے پر مبارک باد دیتے ہوئے پاکستان اور امریکہ کی دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی خوہش اظہار کیا۔

واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی کے وزیر اعظم بننے کے بعد امریکی سفیر کی یہ ان سے پہلی ملاقات تھی۔

پاکستان کی عدالت عظمیٰ کی طرف سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو نااہل قرار دینے کے بعد قومی اسبملی نے یکم اگست کو شاہد خاقان عباسی کو ملک کا نیا وزیر اعظم منتخب کیا۔

دوسری طرف وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ آصف جلد امریکہ کا سرکاری دورہ کریں گے جو بطور وزیر خارجہ یہ ان کا امریکہ کا پہلا دورہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے پاکستانی ہم منصب کو فون کر کے انہیں پاکستان کے 70ویں یوم آزادای اور وزیر خارجہ بننے پر انہیں مبارک باد دی اور انہیں دورہ امریکہ کی دعوت دی جو انہیں نے قبول کر لی۔

خواجہ آصف وزیر خارجہ بننے سے پہلےسابق وزیر اعظم نواز شریف کی کابینہ میں وفاقی وزیر برائے دفاع و پانی و بجلی کے طور پر کام کر چکے ہیں۔

حالیہ ہفتوں میں پاکستان اور امریکہ کے باہمی رابطوں میں اضافہ ہوا ہے۔

رواں ہفتے ہی امریکہ فوج سینٹرل کمانڈ کےلیفٹننٹ جنرل مائیکل گیریٹ کی قیادت میں ایک چھ رکنی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا۔ امریکی فوجی وفد نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر اعلیٰ عسکری حکام سے ملاقاتوں میں آپریشنز، تربیت اور دیگر شعبوں میں امریکہ اور پاکستان کے درمیان فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

رواں ماہ کے اوائل میں امریکہ کی قائم مقام نائب وزیر خارجہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیا ایلس ویلز نے بھی پاکستان کا دورہ کیا جس میں دو طرفہ رابطوں کو اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

پاکستان اور امریکہ کے درمیان یہ رابطے ایک ایسے وقت ہوئےجب صدر ڈونلڈٹرمپ کی انتظامیہ افغانستان اور خطے سے متعلق اپنی پالیسی وضع کرنے میں مصروف ہے۔

XS
SM
MD
LG