رسائی کے لنکس

امریکہ کے پاکستان میں نامزد سفیر کی طارق فاطمی سے ملاقات


طارق فاطمی نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے قریبی تعلقات ایک اسٹریٹجک ضرورت ہیں خصوصاً اس وقت جب دونوں ممالک کے نظریات بہت سے علاقائی اور عالمی معاملات پر ایک دوسرے سے مطابقت رکھتے ہیں۔

امریکہ کے پاکستان کے لیے نامزد سفیر ڈیوڈ ہیل نے وزیراعظم نواز شریف کے خصوصی معاون برائے خارجہ امور طارق فاطمی سے پیر کو پہلی ملاقات کی۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق طارق فاطمی نے نامزد سفیر کی پاکستان آمد پر ان کو خوش آمدید کہا اور ان کی تقرری پر انہیں مبارکباد دی۔

طارق فاطمی نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے قریبی تعلقات ایک اسٹریٹجک ضرورت ہیں خصوصاً اس وقت جب دونوں ممالک کے نظریات بہت سے علاقائی اور عالمی معاملات پر ایک دوسرے سے مطابقت رکھتے ہیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات آنے والے دنوں میں وسیع البنیاد شراکت داری میں تبدیل ہوں گے۔

ڈیوڈ ہیل سفیر کے طور پر اپنی نامزدگی کے بعد گزشتہ ہفتے اسلام آباد پہنچے تھے۔

اس سے قبل وہ تیونس، بحرین، سعودی عرب اور اقوام متحدہ میں امریکی سفارتخانوں میں خدمات سر انجام دے چکے ہیں جب کہ اُنھوں نے لبنان اور اردن کے متعدد دورے کیے۔

امریکی سفارت خانے کے بیان کے مطابق سفیر ڈیوڈ ہیل واشنگٹن میں اسرائیل، مصر اور لیونٹ (مشرقی بحیرہ روم کے علاقے) کے لیے وزیر خارجہ کے نائب معاون، اسرائیل و فلسطین امور کے ڈائریکٹر اور وزیر خارجہ میڈلین البرائیٹ کے معاون ایگزیکٹو کے عہدوں پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔

نئے امریکی سفیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ امریکہ پاکستان تعلقات آنے والے دنوں میں مثبت سمت کی طرف گامزن رہیں گے۔

XS
SM
MD
LG