رسائی کے لنکس

گورنر خیبر پختونخواہ سے امریکی سفیر اولسن کی ملاقات


گورنر سردار مہتاب احمد خان (فائل فوٹو)
گورنر سردار مہتاب احمد خان (فائل فوٹو)

گورنر نے امریکی سفیر کو قبائلی علاقوں میں عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور علاقے میں امن واستحکام یقینی بنانے کے لیے انتظامی وسیاسی اصلاحات پرپیش رفت سے آگاہ کیا۔

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے گورنر سردارمہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب ضرب عضب آپریشن کے بعد خطے میں امن بحال ہوا ہے اور قبائلی علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے متاثرین کی باعزت واپسی اور بحالی شروع ہو چکی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے پاکستان میں امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن سے گفتگو میں کیا جنہوں نے ان سے پشاور میں ملاقات کی۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق گورنر نے متاثرین کی بحالی اور بنیادی ضروریات کی سہولیات کی فراہمی کے لیے امریکی حکومت کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی وخوشحالی میں امریکی تعاون کے کردار کو سراہا۔

ملاقات کے دوران گورنرنے امریکی سفیر کو قبائلی علاقوں میں عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور علاقے میں امن واستحکام یقینی بنانے کے لیے انتظامی وسیاسی اصلاحات پرپیش رفت سے آگاہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان تمام تر اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور حکومت فاٹا کے عوام کی رائے کے مطابق پیش رفت کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ فاٹامیں سمال انڈسٹریزنے دوبارہ کام شروع کردیا ہے جس سے علاقے میں معاشی واقتصادی ترقی میں بہتری آئے گی۔

سردار مہتاب کا کہنا تھا کہ جنوبی وزیرستان کے متاثرین کی باعزت واپسی اور بحالی کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے جبکہ خیبرایجنسی اور شمالی وزیرستان کے 40 ہزار خاندان واپس جا چکے ہیں اور اگست کے وسط تک خیبرایجنسی کے متاثرین کی مکمل واپسی متوقع ہے۔

امریکہ قبائلی علاقوں میں تعمیر و ترقی اور تعلیم کے شعبے میں اعانت فراہم کرتا آرہا ہے۔

XS
SM
MD
LG