رسائی کے لنکس

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی نئی عمارت کا افتتاح


امریکی سفیر نے کہا کہ جب ہم امریکی سفارتخانے کی اس نئی عمارت کا افتتاح کر رہے ہیں تو ہمیں پھر سے یہ عزم بھی کرنا ہو گا کہ ہم امن اور دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے اسلام آباد میں واقع امریکی سفارتخانے کی نئی عمارت کا با ضابطہ افتتاح کیا۔

امریکی سفارت خانے سے جمعہ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا کہ پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی ڈینیئل فیلڈ مین اور اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ اوور سیز بلڈنگ آپریشنز کے ڈائریکٹر کیسے جان واشنگٹن سے خاص طور پر اس تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان آئے تھے۔

اس موقع پر امریکی سفیر نے کہا کہ جب ہم امریکی سفارتخانے کی اس نئی عمارت کا افتتاح کر رہے ہیں تو ہمیں پھر سے یہ عزم بھی کرنا ہو گا کہ ہم امن اور دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

اُنھوں نے کہا کہ یہ عمارت ایک ایسا مقام ہے جہاں پاکستانی اور امریکی مل کر دونوں ملکوں کے بہتر مستقبل کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

سفارت خانے کے بیان کے مطابق عمارت کے تعمیراتی کام کا آغاز 2011ء میں کیا گیا اور اس مقصد کے لیے متعدد پاکستانی ماہرین اور عملے کی مہارت سے استفادہ کیا گیا۔

سفارت خانے کی نئی عمارت کی تعمیر میں ماحول کے تحفظ والے عوامل کا خاص خیال رکھا گیا ہے بالخصوص شمسی توانائی، بجلی کی بچت والی لائٹس، درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے کے لیے سن شیڈز کا استعمال کیا گیا ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ استعمال شدہ پانی کو دوبارہ زرعی مقاصد کے لیے قابل استعمال بنانے کے لیے عمارت میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر بھی کی گئی ہے۔ زمینی کٹاؤ سے بچنے اور قدرتی ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے مقامی پاکستانی پودے لگائے گئے ہیں۔

بیان میں بتایا گیا کہ پاکستان میں امریکی سفارتخانہ دنیا بھر میں موجود امریکی سفارتخانوں میں پہلی عمارت ہے جو معذوری کے شکار افراد کے لیے بنائے گئے امریکی قانون کے عین مطابق ہے۔

XS
SM
MD
LG