رسائی کے لنکس

امریکی فوج کی عراق اور شام میں بمباری 18 جنگجو ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی فوج نے عراق اور شام میں کتائب حزب اللہ کے ملیشیا گروپ کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔ امریکی حکام نے بتایا ہے کہ اتوار کے روز کی یہ کارروائی عراق میں ایک امریکی اڈے پر راکٹ حملے میں ایک امریکی سویلین کنٹریکٹر کی ہلاکت کا جواب ہے۔

عراق کی سکیورٹی اور ملیشیا ذرائع نے بتایا ہے کہ امریکہ کی جانب سے عراق پر تین فضائی حملوں میں 18 جنگجو ہلاک اور پچاس سے زیادہ زخمی ہو گئے۔

ہلاک ہونے والوں میں کتائب اللہ کے کم از کم چار مقامی کمانڈرز بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایک حملے میں مغربی قائم ضلع میں جو شام کی سرحد کے نزدیک واقع ہے، ملیشیا گروپ کے صدر دفتر کو ہدف بنایا گیا۔

پینٹاگون نے کہا ہے کہ اس نے ایران کی حمایت والے عراق میں موجود اس شیعہ ملیشیا گروپ کے تین ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں جن میں سے ایک عراق میں اور دو شام میں واقع ہیں۔ پینٹاگون کے مطابق ان ٹھکانوں پر ملیشیا نے اسلحہ ذخیرہ کر رکھا ہے اور یہیں سے بیٹھ کر اتحادی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔

ایک عہدیدار نے جو اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر حملوں کی تصیلات بتا رہے تھے، کہا کہ یہ فضائی حملے ایف پندرہ جنگی طیاروں سے کیے گئے۔

امریکہ نے کتائب حزب اللہ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ جمعے کے روز ان 30 راکٹ حملوں میں ملوث ہے جس میں ایک سویلین امریکی مارا گیا جبکہ دیگر چار امریکی ملازمین زخمی ہو گئے۔ یہ راکٹ تیل سے مالا مال کرکوک شہر کے نزدیک سکیورٹی فورسز پر کیے گئے۔

XS
SM
MD
LG