رسائی کے لنکس

امریکہ کی جانب سے موغادیشو حملے کی شدید مذمت


محکمہ خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ ''اس احمقانہ اور بزدلانہ حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکہ حکومتِ صومالیہ، اُس کے عوام اور اپنے بین الاقوامی اتحادیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

امریکہ نے 14 اکتوبر کو موغادیشو میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، جن میں سینکڑوں افراد ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کی خاتون ترجمان، ہیدر نوئرٹ نے کہا ہے کہ ''ہم تمام صومالیوں سے دل کی گہرائی سے تعزیت کرتے ہیں، خصوصی طور پر اُن احباب اور اہل خانہ کے ساتھ جن کے پیارے اِن حملوں میں ہلاک ہوئے۔ ساتھ ہی، ہم زخمی ہونے والے تمام افراد کی جلد صحت یابی کے متمنی ہیں''۔

ترجمان نے کہا ہے کہ ''اس احمقانہ اور بزدلانہ حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکہ حکومتِ صومالیہ، اُس کے عوام اور اپنے بین الاقوامی اتحادیوں کے ساتھ کھڑا ہے، تاکہ دہشت گردی سے نمٹنے اور امن، سلامتی اور خوش حالی کے حصول کی کاوشوں میں اُن کی مدد کی جا سکے''۔

اطلاعات کے مطابق، صومالیہ میں ہونے والے حملوں میں کم از کم 240 افراد ہلاک جب کہ 300 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ حملوں کے بعد، احتجاج کے طور پر لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔

XS
SM
MD
LG