رسائی کے لنکس

امریکہ کی کیمرون اور نائجیریا میں بوکوحرام کے حملوں کی مذمت


محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہےکہ ’خودکش بم حملوں میں بچوں کا استعمال؛ اور مردوں، خواتین اور بچوں کو بلاامتیاز ہدف بنانے کی بوکو حرام کی بے ضمیر حرکات، اس دہشت گرد گروپ کے احمقانہ مظالم کی نشاندہی کرتے ہیں‘

امریکہ نے کیمرون کے شہر برمارے میں ہونے والے خوفناک اور بلاامتیاز خودکش حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ یہ حملے بدھ، جولائی 22 کو برمارے میں ماروئہ کے مضافات میں واقع وسطی مارکیٹ اور شمالی نائجیریا کے شہر، گومبے کی دو بس اسٹیشنوں پر ہوئے۔

محکمہٴخارجہ کے معاون ترجمان، مارک ٹونر نے جمعے کو ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ ’ہم ہلاک ہونے والے فوجیوں، سرکاری اہل کاروں اور شہریوں کے اہل خانہ اور احباب سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں‘۔

ترجمان نے کہا ہےکہ ’خودکش بم حملوں میں بچوں کا استعمال؛ اور مردوں، خواتین اور بچوں کو بلاامتیاز ہدف بنانے کی بوکو حرام کی بے ضمیر حرکات، اس دہشت گرد گروپ کے احمقانہ مظالم کی نشاندہی کرتے ہیں‘۔

بقول ترجمان، ’ہم بوکو حرام کو شکست دینے کے سلسلے میں کیمرون، نائجیریا اور چاڈ جھیل کے خطے میں واقع ملکوں سے قریبی رابطے کے عزم پر قائم ہیں‘۔

امریکہ نے ’بے گناہ لوگوں پر ڈھائے جانے والے حالیہ مظالم اور دیگر سنگدل حملوں کا مؤثر جواب دینے پر‘ کیمرون، چاڈ، نائیجر اور نائجیریا کی سلامتی افواج کی تعریف کی ہے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ بوکو حرام کو کمزور کرنے اور شکست دینے کی جاری مہم میں امریکہ چاڈ جھیل طاس کےخطے کی حکومتوں اور عوام کا ساتھ جاری رکھے گا۔

بقول ترجمان، ’ہم اِن کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، جس کے لیے سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی میں معاونت کے کئی ایک منصوبوں میں انٹیلی جنس، مشاورت، تربیت، آلات اور فوجی انتظام سے متعلق کوششوں میں مدد فراہم کر رہے ہیں‘۔

ترجمان نے کہا ہے کہ ہم باہمی بنیادوں پر اور کثیر ملکی مشترکہ ٹاسک فورس کے ذریعے اس حمایت کو وسعت دینا چاہتے ہیں، جو بوکو حرام کے حربوں کو ناکام بنانے کے لیے، چاڈ جھیل کے خطے میں واقع ملکوں اور بینن کی جانب سے آپسی رابطے بڑھا کر اور علاقائی کوششوں کو تقویت دے کر کی جا رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG