رسائی کے لنکس

امریکہ اور کیوبا کے درمیان فضائی سفر جلد بحال ہوجائے گا: ذرائع


فائل
فائل

امریکہ اور کیوبا کے مابین طے ہونے والے شہری ہوابازی کے سمجھوتے کے تحت، روزانہ 110 پروازوں کی آمد و رفت کی اجازت ہوگی۔ اِس ضمن میں، دونوں ملکوں کے نمائندے منگل کو ایک سمجھوتے پر دستخط کریں گے

پچاس برس میں پہلی بار، امریکہ اور کیوبا کے لوگوں کو بہت جلد روزانہ کی بنیاد پر فضائی سفر کی سہولت میسر آئے گی، جب دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی پروازیں بحال ہو جائیں گی۔ یہ بات جمعے کے روز امریکہ کے اعلیٰ عہدے داروں نے بتائی۔

امریکہ اور کیوبا کے مابین طے ہونے والے شہری ہوابازی کے سمجھوتے کے تحت، روزانہ 110 پروازوں کی آمد و رفت کی اجازت ہوگی۔

امریکی معاون وزیر خارجہ، ٹھومس اینگل نے بتایا کہ ''امریکی طیارے روزانہ کی بنیاد پر امریکہ کے کسی بھی شہر سے کیوبا کے کسی بھی شہر آ جا سکیں گی''۔

اِس ضمن میں، دونوں ملکوں کے نمائندے منگل کو ایک سمجھوتے پر دستخط کریں گے، ایسے میں جب دونوں ملک اپنے تعلقات کو بحال کرنے سے سلسلے میں اقدامات اٹھا رہے ہیں، جب کہ سرد جنگ کے زمانے سے دونوں کے درمیان سفر پر پابندی عائد تھی۔

سولہ فروری سے امریکہ کے کارگو اور مسافر طیاروں کے ادارے سفر کے روٹ حاصل کرنے کے لیے 15 روز تک درخواستیں جمع کراسکیں گے۔ 'اس ماہ موسم گرما میں کسی بھی وقت' فیصلہ متوقع ہے آیا کون سے امریکی فضائی ادارے اور کن شہروں کو پرواز کی اجازت ملتی ہے۔ یہ بات نقل و حمل سے متعلق امریکی محکمے کے ایک اعلیٰ اہل کار، برینڈن بیلفورڈ نے جمعے کے روز اخباری نمائندوں کو بتائی۔

امریکی قوانین کیوبا کے ساتھ سیاحتی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دیتے۔ حکومتِ امریکہ کے حکام کا کہنا ہے کہ ہونے والے سمجھوتے کی بدولت دونوں ملکوں کے لوگوں کے درمیان رابطوں کو فروغ ملے گا۔

امریکہ اور کیوبا نے گذشتہ دسمبر میں شہری ہوابازی کے موضوع پر مذاکرات کے دور مکمل کیے، جب سنہ 2014 میں دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے سلسلے میں صدر براک اوباما کے اعلان کی پہلی سالگرہ تھی۔

XS
SM
MD
LG