رسائی کے لنکس

پینٹاگان پر حملہ کرنے والا شخص ہلاک


امریکی حکام نے کہا ہے کہ جمعرات کو پینٹاگان کے باہر دو پولیس اہل کاروں پر حملہ کرنے والا شخص زخموں کی تاب نہ لا کر ہلاک ہو گیا ہے۔ حملہ آور دو سیمی آٹو میٹک ہتھیاروں سے لیس تھا۔

36 سالہ مشتبہ شخص پیٹرک بیڈیل ریاست کیلی فورنیا کا باشندہ تھا۔ اس نے جمعرات کی شام دو پولیس اہل کاروں پر گولیاں چلائیں۔ پولیس نے جواباً بیڈیل پر فائرنگ کی۔ ایک گولی اس کے سر میں لگی اور وہ بعد میں ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ پولیس اہل کاروں کو معمولی چوٹیں آئیں۔

پینٹاگان کے پولیس چیف رچرڈ کیول نے کہا کہ بیڈیل کے پاس گولیوں کے کئی میگزین تھے اور ایک قریبی گیرج میں کھڑی اس کی گاڑی میں مزید اسلحہ موجود تھا۔

جب بیڈیل نے واشنگٹن ڈی سی کے قریب واقع امریکی فوجی ہیڈکوارٹر کے باہر فائر کھولا تو تین سیکیورٹی اہل کاروں نے اس پر جوابی فائرنگ کی۔ دو اہل کاروں کو معمولی زخم آئے تھے، تاہم انھیں بعد میں ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کیمروں سے لی گئی ویڈیو سے ظاہر ہوتا ہے کہ بیڈیل پرسکون تھا اور اس نے عمدہ لباس پہنا ہوا تھا، وہ بظاہر اکیلا تھا اور اس نے سیکیورٹی اہل کاروں کی جانب بڑھ کر براہِ راست فائر کھول دیا۔

کیول نے کہا ہے کہ ابھی تک اس حملے کے محرکات معلوم نہیں ہو سکے، تاہم اس بات کے کوئی شواہد نہیں ہیں کہ اس واقعے کا ملکی یا بین الاقوامی دہشت گردی سے کوئی تعلق ہے۔

اس فائرنگ کے بعد حکام نے پینٹاگان میں عارضی طور ہنگامی سیکیورٹی نافذ کر دی۔ پولیس چیف کے مطابق بیڈیل کا تعلق کیلی فورنیا سے ہے اور وہ ایک ’پڑھا لکھا‘ شخص ہے۔

انٹرنیٹ پر شائع ہونے والی خبروں میں کہا گیا ہے کہ بیڈیل کو نائن الیون کے حملوں کے بارے میں شکوک و شبہات تھے۔

XS
SM
MD
LG